ضرورت مند مریضوں کی جان بچانے کے لیے خون عطیہ کرنا ایک بڑی نیکی ہے: ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری

17

اسلام آباد،14 جون (اے پی پی ): ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ ضرورت مند مریضوں کی جان بچانے کے لیے خون عطیہ کرنا ایک بڑی نیکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خون دینے سے صحت پر کوئی منفی اثرات  مرتب نہیں ہوتے اور ہر صحت مند شخص دوران زندگی متعدد بار خون کا عطیہ کر سکتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اسلام آباد میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی (پی آر سی ایس) کے زیر اہتمام بین الاقوامی بلڈ ڈونر ڈے کی مناسبت سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 ڈپٹی اسپیکر نے ضرورت مند مریضوں کو معیاری خون کی فراہمی میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری اور بغیر ضروری ٹیسٹوں کے خون لگانے سے  مریضوں کو دیگر بیماریوں میں مبتلاء ہونے کا خطر لاحق ہوتا ہے۔انہوں انتقال خون کے سلسلے میں کام کرنے والے اداروں کو مریضوں کو معیاری خون کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھانے کی  ضرورت پر زور دیا اور اس سلسلے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرنے کے لیے کہا۔

اس موقع چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی ابرار الحق  نے خون کے عطیہ کی نیک مقصد میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا ضرورت مند مریضوں خصوصاً  تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے ضروری ہے۔

 سیمینار میں معروف بلڈ ڈونرز جنرل مصطفیٰ کمال اور مرتضیٰ برنی نے بھی شرکت کی جنہوں نے بالترتیب 170اور 158 مرتبہ خون کا عطیات دیے ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر نے جنرل مصطفیٰ کمال اور مرتضیٰ برہانی کے خون عطیہ کرنے کہ جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحت مند افراد نیکی کے اس کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

دیگر مقررین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خون کا عطیہ دینے کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کیا اور اس سلسلے ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے کردار کو سراہا۔