پشاور، 5جون(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کے احکامات پر پشاور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ متعلقہ ٹی ایم ایز نے سرکاری چھٹی کے روز بھی گرانفروشی اور دکانوں سے باہر تجاوزات قائم کرنے پر پشاور بھر میں میگا کریک ڈاؤن کیا اور گرانفروشی و سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی پر پشاور بھر سے 87 دکاندار جبکہ دکانوں سے باہر تجاوزات قائم کرنے پر پشاور بھر سے 174 دکاندار گرفتار کرلئے۔
ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود نے آپریشن کے بارے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی اور تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں صدر، فوارہ چوک، گورا بازار، ہشتنگری، قصہ خوانی، دلہ زاک روڈ، خوشحال بازار، ہشتنگری پھاٹک، یونیورسٹی روڈ، خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے گردونواح، کوہاٹ روڈ، سکیم چوک، انقلاب روڈ، یونیورسٹی روڈ، جی ٹی روڈ، چارسدہ روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کی گئیں۔
ڈپٹی کمشنر پشاور نے کہا کہ گرفتار دکانداروں میں قصاب، سبزی و پھل فروش، جنرل سٹور مالکان و دیگر شامل ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔