سکھر،15 جون(اے پی پی):ایس ایس پی خیرپور ظفر اقبال ملک نے کہا ہے کہ عورتوں اور بچوں پر تشدد کرنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے ان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، ضلع بھر میں کہیں بھی چھوٹے بچوں اورعورتوں پر تشدد کی اطلاع ملے تو فوراً کاروائی عمل میں لائی جائے، لوگ خود بھی اطلاع دیں۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے خیرپور میں عورتوں اور بچوں کے خلاف تشدد کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ایڈیشنل آئی جی پولیس سکھر ڈاکٹر کامران فضل کے احکامات پر ایس ایس پی خیرپور ظفر اقبال ملک کی سربراہی میں پولیس ہیڈ کوارٹرخیرپور میں عورتوں اور بچوں کے خلاف تشدد کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیمینار وومین اینڈ چلڈرن پروٹیکشن سیل کی جانب سے خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے موضوع پرمنعقدکیا گیا۔ سیمینار میں ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرمہدی رضا آرائیں سمیت ضلع کے تمام انویسٹیگیشن افسران، اور ہیڈ محرر نے شرکت کی۔
سیمینار میں انچارج وومین اینڈ چلڈرن پروٹیکشن سیل انسپیکٹر میڈم مہناز بوزدار نے بچوں اور عورتوں پر تشدد کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام متاثرہ خواتین اپنی شکایات موبائل ایپ، ویب پورٹل اور ٹول فری نمبر 9110 کے ذریعے اپنی شکایات درج کرواسکتی ہیں، آن لائن ایپ پر شکایت درج کرنے کے بعد پولیس جی پی ایس کی نوعیت سے ٹریک کرکے کچھ ہی لمحوں میں متاثرین تک رسائی حاصل کرلے گی۔