فیصل آباد، 05 جون (اے پی پی): ہفتہ کو ماحولیات کے عالمی دن کے حوالے سے شاندار تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں کمشنرفیصل آباد ثاقب منان،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کے چیئرمین و ممبر قومی اسمبلی فیض اللہ کموکا،ممبر صوبائی اسمبلی فردوس رائے، چیئرمین فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی و ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر،ڈی جی پی ایچ اے عاصمہ اعجاز چیمہ، ڈائریکٹر ایف ڈی اے عبداللہ نثار چیمہ، پی ٹی آئی کے رہنمامحبوب عالم سندھوو دیگر انتظامی حکام نے باغ جناح فیصل آباد کے گیٹ پر شہریوں میں مفت پودے تقسیم کئے اور باغ جناح میں خود بھی پودے لگائے۔ تقریب کے موقع پر محکمہ تحفظ ماحولیات اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے کام کرنیوالی این جی اوز اورسول سوسائٹی کے افراد بھی بڑی تعداد میں موجود تھے
اس موقع پر مذکورہ شخصیات نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ہر سال5 جون کو ماحولیات کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کلین اینڈ گرین پاکستان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق سر سبز و شاداب پنجاب منصوبہ کے تحت بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جارہی ہے جبکہ عالمی سطح پر حکومت پاکستان کی جانب سے قدرتی ماحول کی بحالی اور ہر قسم کی فضائی و ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے شروع کردہ دس بلین ٹری منصوبے کو عالمی سطح پر سراہا جارہا ہے اور اسی وجہ سے پاکستان کو اس سال عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کیلئے چنا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کی بہتری آئندہ آنے والی نسلوں کیلئے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی حدت سے بچاؤ اور اپنا مستقبل محفوظ بنانے سمیت ماحولیاتی تبدیلی و موسمیاتی تغیرات کے منفی اثرات سے بچنے کیلئے جنگلات کو وسعت دینا اپنی آنیوالی نسل کو محفوظ بنانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا10 ارب درخت لگانے کا منصوبہ پاکستان کی ضرورت اور حکومت اس ہدف کوسال2023 تک مکمل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اگرہم نے
اپنے اور اپنے بچوں سمیت آنیوالی نسلوں کے مستقبل کو محفوط بنانا ہے تو عالمی حدت سے بچاؤ کیلئے قومی پارکس میں اضافہ، شجر کاری اوراربن فاریسٹری کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کا اس سال عالمی یوم ماحولیات کی میزبانی کرنا ایک اعزاز ہے کیونکہ ماحولیات کے حوالے سے آج تک کسی حکومت نے اتنی آگاہی فراہم نہیں کی جتنی موجودہ حکومت نے کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی بڑی وجہ وزیراعظم عمران خان کا ماحول دوست ویژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جنگل اجڑ رہے تھے، دریاآلودگی کا شکار ہو رہے تھے، ندی نالے ختم ہو گئے جبکہ درخت ناپید ہو رہے تھے مگر ماضی کی کسی حکومت نے اس بارے میں سوچا تک نہیں بلکہ منظم انداز میں پہلے سے لگے جنگلات بھی اجاڑے جارہے تھے جس کی وجہ سے ماحولیاتی نظام کو شدید نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں ایک ایسا لیڈر موجود ہے جس کا ویژن نسلوں کو سنوارنے کا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے خیبر پختونخوا میں ون بلین ٹری سونامی کا آغاز کیاجس پر اس پروگرام کو عالمگیر سطح پر سراہا گیابلکہ اقوام متحدہ کے اداروں نے بھی اس کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ اب ہم نے 10 بلین ٹری سونامی کا آغاز کیا ہے جس میں بہت بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد بھی وزیر اعظم کے کلین اینڈ گرین پرگرام کو کامیاب بنانے کیلئے دن رات کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر شہری کو مکمل ذمہ داری اور حب الوطنی کے مظاہرہ سمیت اپنا اخلاقی فرض سمجھتے ہوئے اپنے حصے کے کم از کم دو پودے لگانے چاہئیں تاکہ ملک کو خوشگوار ماحول ملنے سمیت ہر قسم کی آلودگی سے پاک سرسبز و شاداب ملک بنایا جاسکے۔
اس موقع پر ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ کیلئے کام کرنیوالی این جی اوزکے نمائندگان نے کہا کہ ماحولیات کا عالمی دن منانے کا مقصد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 15 دسمبر 1972 کے چارٹر کے مطابق عالمی یوم ماحولیات کے سلسلہ میں تحفظ ماحول کی اہمیت کو عوامی سطح پر اجاگر کرنے سمیت شعوری آگاہی کی غرض سے بھر پور اقدامات کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی جنگلات میں مناسب اضافہ نہ ہونے، چاروں اطراف گاڑیوں کے دھوئیں،شور، جگہ جگہ گندگی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں، ضرر رساں گرم گیسوں کے وسیع پیمانے پر اخراج، نصف سے زائد آبی خطوں کی بربادی، آبی مخلوق کی تیزی سے کم ہوتی ہوئی تعداد نے ماحولیاتی وفضائی آلودگی میں اضافہ کر دیا ہے جس سے جہاں فطرت کا حسن آلودہ ہورہا ہے وہیں بے شمار بیماریاں بھی جنم لے رہی ہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ فضائی و ماحولیاتی آلودگی کے خاتمہ میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر باغ جناح کے باہر شہریوں میں بڑی تعداد میں مفت ماحول دوست پودے تقسیم کئے گئے اورتمام انتظامی حکام و ارکان اسمبلی نے خود بھی باغ جناح میں پودے لگائے اور ان کی آبیاری کی دعا کی۔