فیصل آباد ، 05 جون (اے پی پی):فیصل آباد میں ہفتہ کو کل7 جون بروز پیر سے شروع ہونیوالی5 روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا گیا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کے چیئرمین فیض اللہ کموکاایم این اے اورصوبائی پارلیمانی سیکرٹری لیبر شکیل شاہدایم پی اے نے ہلال احمر ہسپتال فیصل آباد میں 5 سال تک کی عمرکے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی حفاظتی ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیاجبکہ اس موقع پرڈپٹی کمشنرفیصل آباد محمد علی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری،ایم ایس ہلال احمر ہسپتال ڈاکٹرحافظ محمد مختار احمد رندھاوااور دیگر حکام بھی موجود تھے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ فیصل آباد میں انسداد پولیو کی کل 7جون بروز پیر سے شروع ہونے والی مہم کے تمامتر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ11 جون تک جاری رہنے والی مہم میں 5 سال تک کی عمر کے 13 لاکھ 27 ہزار بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کیلئے مجموعی طور پر 3549 موبائل، فکسڈ و ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں ڈیوٹی انجام دیں گی۔افتتاحی تقریب کے موقع پر محکمہ صحت کے حکام،زونل سپروائزرز، ایریا انچارجز، ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس، رورل ہیلتھ سنٹرز اور بنیادی مراکز صحت کے انچارج میڈیکل آفیسرز سے کہا گیا کہ چونکہ پولیو کا ہر راؤنڈ انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا اس سلسلہ میں کوئی بھی غفلت نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ، ریلوے سٹیشن، بس و ویگن سٹینڈز پر تعینات ٹیموں کو ہدایت کی جائے کہ کوئی بھی بچہ سفر کی وجہ سے پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے اور ہر بچے کو قطرے پلاتے ہی اس کی انگلیوں پر مارکنگ کی جائے تاکہ ان کی چیکنگ میں آسانی رہے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ہیلتھ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ضلع میں انسداد پولیو کی مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے تمامتردستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس ضمن میں مائیکروپلان کے مطابق عملدرآمد کیا جائے تاکہ گزشتہ کمزوریوں وخامیوں کا سو فیصد ازالہ ہوسکے۔انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کا ہرراؤنڈ اہمیت کا حامل ہے لہٰذا متعلقہ سٹاف اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کرے اوردوران مہم والدین کی آگاہی کیلئے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں تاکہ ان میں احساس ذمہ داری برقرار رہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیلوں میں بھی انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں قومی جذبے سے فرائض انجام دیئے جائیں اوراس سلسلہ میں معمولی سی بھی غفلت نہیں ہونی چاہیے۔اس موقع پر ڈی ایچ او نے بتایا کہ مہم کے تمام انتظامات ہر لحاظ سے مکمل ہیں جس کی دوہری چیکنگ بھی کی جائے گی۔چوہدری فیض اللہ کموکا ایم این اے نے کہا کہ ہم سب کو مل کر پاکستان کو پولیو فری بنانا ہے تاکہ آنیوالی نسلوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے سمیت ان کا مستقبل محفوظ اور انہیں صحتمند رکھنے میں مدد مل سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ابھی کوروناکی وبا ختم نہیں ہوئی لہٰذا اس حوالے سے بھی تمام شہری ایس او پیز پرعمل کریں تاکہ ان کی اوران کے پیاروں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔