فیٹف ایک ٹیکنیکل فورم ہے جسے بھارت سیاسی بنانے کی کوشش کررہاہے؛وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی

18

ملتان، 27 جون (اے پی پی ):وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمودقریشی نے کہاہے کہ فیٹف ایک ٹیکنیکل فورم ہے جسے بھارت سیاسی بنانے کی کوشش کررہاہے،افغانستان سے فورسزکے انخلاکے بعدوہاں پر افراتفری کاخدشہ ہے اوراس سے سب سے زیادہ افغانستان متاثرہوگا،پاکستان بھی اس کی زدمیں آسکتاہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے اتوارکے روز ڈی سی آفس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ اورمنصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہاکہ پاکستان فیٹف گرے لسٹ میں مسلم لیگ ن کے دورمیں گیااورموجودہ حکومت اسے گرے لسٹ سے نکالنے کی بھرپورکوشش کررہی ہے اورہم  فیٹف کی طرف سے نشاندہی کئے جانے والے 27نکات میں سے 26پرمکمل طورپرعملدرآمدکرچکے ہیں جس کے باوجود ہمیں گرے لسٹ سے وائٹ لسٹ میں شامل نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ فیٹف ایک ٹیکنیکل فورم ہے جسے بھارت سیاسی بنانے کی کوشش کررہاہے، اب دنیا کوفیصلہ کرناہوگاکہ فیٹف کو ٹیکنیکل فورم کے طورپررکھناہے یاسیاسی بناناہے۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے لئے فنڈنگ اورمنی لانڈرنگ کاسدباب ہمارے قومی مفادات میں ہے اورحکومت یہ اقدامات پہلے سے کررہی ہے۔

شاہ محمودقریشی نے کہاکہ افغانستان سے فوجیوں کے انخلاکافیصلہ ہوچکاہے اورمیراخیال ہے کہ یہ انخلا ستمبرسے پہلے مکمل کرلیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف بڑی جنگ لڑی ہے اورالحمداللہ ہمیں دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں ملی ہیں اورپاک فوج کے کردار کو دنیا نے سراہاہے،ہم آج بھی 30لاکھ افغان شہریوں کی خدمت کررہے ہیں اب مزید بوجھ نہیں اٹھاسکتے۔انہوں نے کہاکہ کچھ قوتیں افغانستان میں اورباہر بیٹھ کر پاکستان کوغیرمستحکم کرنے کی کوشش کررہی ہیں مگروہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔انہوں نے کہاکہ جے شنکرکی طالبان سے ملاقات نہیں ہوئی ہے طالبان نے اس حوالے سے تردیدکردی ہے اورمودی سرکارکی کشمیری رہنماوں کے ساتھ ہونے والی نشست میرے خیال میں لاحاصل ہوئی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ پنجاب حکومت کابجٹ پاس ہوگیاہے جس پرمیں مبارکباد پیش کرتاہوں،جنوبی پنجاب کے لئے 33فیصد علیحدہ بجٹ مختص ہونا بارش کا پہلا قطرہ ہے، علیحدہ بجٹ جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومیوں کے ا زالے کا آغاز ثابت ہو گا۔انہوں نے کہاکہ وسیب کی تقدیر بدلنے کے لئے تمام اختیارات کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل ہونا ضروری ہے اوراس بجٹ میں جنوبی پنجاب کے گیارہ اضلاع کے لئے 189ارب روپے کابجٹ مختص کیاگیاہے جوخوش آئندبات ہے اوران منصوبوں میں معززممبران کی سفارشات کاتفصیلی جائزہ لیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ آج کے اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب اورجنوبی پنجاب کے تمام سیکرٹریزسے یہاں کے منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے عوام کوبااختیاربناناپاکستان تحریک انصاف کے منشور اورعمران خان کی اس خطے سے کمٹمنٹ کاحصہ ہے۔انہوں نے کہاکہ اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی تعمیر کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی،21جون سے فنانشل بڈزکاآغازکیاگیاہے جس میں سے10فرمزنے حصہ لیاجن میں سے 6فرمز نے کوالیفائی کرلیاہے اوریہ بڈزکاعمل 14جولائی تک مکمل کرلیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اگست کے پہلے ہفتے میں سیکرٹریٹ کی تعمیر کاکام شروع ہوجائے گا۔اس حوالے سے 63ایکڑاراضی سیکرٹریٹ کے لئے منتقل کی جاچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ سیکرٹریٹ کے حوالے سے بہت جلد بہاولپورمیں بھی ایک نشست ہوگی وہاں پربھی سیکرٹریٹ کی تعمیر کے لئے 30ایکڑاراضی کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ کپاس جنوبی پنجاب کی اہم فصل ہے اورسی پیک کے تحت جوائنٹ ورکنگ گروپ قائم کردیاگیاہے جوچین کے ساتھ مل کرکام کرے گاتاکہ جنوبی پنجاب سے کپاس کی پیداوارمیں خاطر خواہ اضافہ کیاجاسکے۔اس حوالے سے بہت جلد چیئرمین سی پیک اتھارٹی جنرل ریٹائرڈ جنرل سلیم باجوہ ملتان میں سی سی آرآئی کادورہ کرکے آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گے۔

شاہ محمود قریشی   نے کہاکہ آج ملتان کی ضلعی کوارڈینیشن کمیٹی کادوسرا اجلاس تھاجس میں ملتان کی صفائی ستھرائی اوردیگرمعاملات کاتفصیل سے جائزہ لیاگیاجس میں ایم ڈی واسا اورسی او سالڈویسٹ منیجمنٹ نے بریفنگ دی اوراس بات کا عزم کیاکہ عید قربان سے پہلے تمام مسائل حل کرنے کے ساتھ صفائی ستھرائی کانظام بہترکردیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے کمیٹی کی اگلی میٹنگ دس جولائی کو ہوگی جس میں ڈی جی ایم ڈی اے ملتان ماسٹرپلان پربریفنگ دیں گے اس کے علاوہ تحصیل شجاع آباد اوردیگرضلعی منصوبوں پربات چیت ہوگی۔

اس موقع   پر وزیرخارجہ نے ملتان سلطانز کو پی ایس ایل جیتنے پرمبارکباد بھی  پیش کی۔