قطری کمپنیاں، پاکستان میں تعمیرات،آئی ٹی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، بنکنگ اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتی ہیں،وزیر خارجہ  مخدوم شاہ محمود قریشی

27

اسلام آباد۔1جون  (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قطری کمپنیاں، پاکستان میں تعمیرات،آئی ٹی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، بنکنگ اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتی ہیں۔یہ بات انہوں نے قطر کے حکمران شاہی خاندان کے رکن و پاک قطر تکافل گروپ کے چیئرمین شیخ علی عبداللہ التھانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو وزارتِ خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،تجارتی و اقتصادی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ءخیال کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے مابین یکساں مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر گہرے برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔پاکستان، قطر کے ساتھ دو طرفہ تعلقات بالخصوص اقتصادی تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔شیخ علی عبداللہ التھانی نے وزیر خارجہ کو پاک – قطر التکافل گروپ کا تعارف کراتے ہوئے، پاکستان میں جاری کاروباری سرگرمیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاک قطر تکافل گروپ، پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کیلئے پر عزم ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت پاکستان، اپنی توجہ اقتصادی ترجیحات کی جانب مبذول کیے ہوئے ہے ۔پاکستان، 220 ملین آبادی پر مشتمل وسیع مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں – وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم بیرونی سرمایہ کو پاکستان میں کاروبار کیلئے “ای ویزہ” سمیت بہت سی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔قطری کمپنیاں، پاکستان میں تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، بنکنگ اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتی ہیں۔وزیرخارجہ نے امیر قطر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔