قطر کے  ساتھ برادرانہ تعلقات کو مضبوط سیاسی اور معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے پر عزم ہیں: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

12

اسلام آباد،01جون  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور قطر کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان برادرانہ تعلقات کو مضبوط سیاسی اور معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو شیخ علی عبداللہ علی ثانی الثانی کی سربراہی میں 11 رکنی قطری وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں باہمی تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کراچی اور حماد بندرگاہوں کے مابین براہ راست روابط اور پاکستان کے لئے قطر کی فوڈ مارکیٹ کھولنے سے دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ حاصل ہوا ہے، مالی سال 2020 میں دو طرفہ تجارت 1.8 بلین امریکی ڈالر رہی جو کہ خوش آئند ہے، دو طرفہ تجارت کے حجم کو مزید بڑھانے کے خواہش مند ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کی پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو خوش  آمدید کہتے ہیں، ہم ہر لحاظ سے قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کو سہولت فراہم کریں گے جبکہ  پاکستان خطے میں کاروبار کے لئے سب سے زیادہ سرمایہ کار دوست اور آزاد پالیسیاںرکھنے والا ملک ہے۔

 چئیرمین سینٹ نے کہا کہ پاکستان میں  کاروبار کے لئے آسانی پیدا کرنے کے حوالے سے انڈیکس میں نمایا ں بہتری آئی ہے،  فیفا ورلڈ کپ 2022 اور مستقبل کے تقریبات کے لئے فٹ بال کی منیوفیکچرنگ کے لئے قطر میں فارورڈ یونٹ کا قیام پاکستان کے لئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا 1 لاکھ 80ہزار پاکستانی قطر کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ 1 لاکھ منظور شدہ کوٹہ میں سے قطر نے 72 ہزارسے زائد پاکستانیوں کو نوکریاں دیں۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ سال سے زائد کا عرصہ ہو گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل لاک ڈائون ہے، قابض بھارت نے تقریبا 80 لاکھ کشمیریوں کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں رکھا ہوا ہے، بی جے پی کے زیر تسلط ہندوتوا سوچ کے پیروکار دیگر مذاہب، اقلیتوں اور خصوصا مسلمانوں کا سیاسی، معاشی اور سماجی استحصال کرنے میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری لوگوں کے امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مسلمان ممالک، او آئی سی اور بین الاقوامی برادری کو کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

 قطر کے وفد نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔