قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر عام بحث جاری،  حکومتی اراکین نے بجٹ کو عوام دوست  قرار دیدیا

31

اسلام آباد، 22جون  (اے پی پی):قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کے بجٹ پر عام بحث  منگل کو بھی جاری رہی، حکومتی اراکین نے بجٹ کو عوام دوست اور مشکل حالات میں بہترین قراردیا جبکہ اپوزیشن نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا۔ بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن علی گوہر خان نے کہا کہ حکومت ان کے حلقہ میں سڑکیں اور انفراسٹرکچر پر کام کرے۔

پی ٹی آئی کی رکن نفیسہ عنایت اللہ خٹک نے کہا کہ ہزاریہ ترقیاتی اہداف پر عمل درآمد کی رپورٹ اپوزیشن دیکھ لیتی تو وہ حکومت پر تنقید نہ کرتی،آج کسانوں اورنوجوانوں کو آسان شرائط پر قرض دیا جارہا ہے، انسداد غربت اور بھوک کے لئے تاریخی پالیسیاں بنائی گئی ہیں جس پر ثانیہ نشتر مبارکباد کی مستحق ہیں۔  انہوں نے تجویز دی کہ حکومت سول فورسز کو جدید بنیادوں پر اپ گریڈ کرنے کے لئے بجٹ میں فنڈزمختص کرے۔

پی ٹی آئی کے رکن گل داد خان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل حالات میں اچھا بجٹ پیش کیا،سابق فاٹا کو آبادی اور غربت کے تناسب سے بجٹ میں حصہ دیا جائے۔

 ملک کرامت علی کھوکھر نے کہا کہ حکومت نے عوام اور مزدور دوست بجٹ پیش کیا۔کسان خوش ہیں، فصلوں کی بہتر قیمت مل رہی ہے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بشیر خان نے کہا کہ موجودہ بجٹ پچھلے تمام بجٹ سے مختلف اور بہتر ہے۔ حکومت نے کے پی میں تمام لوگوں کو صحت انصاف کارڈ کی سہولت فراہم کی۔ 2018 میں تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں کلین سویپ کیا۔ وزیراعلی ٰمحمود خان نے کے پی میں تعلیم، صحت، ٹورازم کے لئے بھرپور کام کیا۔ تیمر گرہ ہسپتال کی منظوری بھی دی گئی ہے جس پر کام بہت جلد شروع ہو جائے گا۔ دیر یونیورسٹی کو بھی پی ایس ڈی پی میں شامل کیا گیا ہے۔

 تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شوکت بھٹی نے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اس مشکل صورتحال میں عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ مسلم لیگ (ن )کے گزشتہ دو دور حکومت میں حافظ آباد کی عوام کو ایک ڈسپنسری تک بنا کے نہیں دی گئی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے حافظ آباد کے عوام کو 400 بستروں پر مشتمل ہسپتال مہیا کیا۔ 6 ارب کی لاگت سے بننے والی حافظ آباد یونیورسٹی رواں سال شروع ہو رہی ہے۔ کیڈٹ کالج بھی رواں سال شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے گندم کی امدادی قیمت 1800 کرکے کسان کو خوشحال کردیا ہے۔ حکومت ٹیوب ویل پر سبسڈی دے یا سولر سسٹم سے منسلک کرے تو یہ کسانوں کے لئے بہت بڑا کام ہوگا۔ وزیراعظم نے کسانوں اور نوجوانوں کے لئے بلاسود قرضے فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے میں وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جس طرح ٹیکسٹائل صنعت کو بجلی کے بلوں پر ریلیف دیا اسی طرح کسانوں کو بھی ریلیف دیا جائے۔ شوکت بھٹی نے کہا کہ وزیراعظم نے حافظ آباد کے عوام کے لئے جو وعدے کئے تھے وہ تمام پورے کئے ہیں۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 25 فیصد اضافہ کیا جائے۔

 تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ساجد خان نے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ سابق فاٹا کے لوگوں کا احساس محرومی ختم کرنے کے لئے یہ بجٹ ایک تاریخی ہوگا۔ اس بجٹ میں ہمارے لئے 54 ارب روپے رکھے گئے ہیں، اس سے فاٹا کے علاقے ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے میرے حلقے ضلع مہمند کا 5 بار دورہ کیا اور وزیراعلی7 مرتبہ ہمارے حلقے میں آئے۔ انہوں نے ہمارے ضلع کے لئے بڑے بڑے منصوبوں کا اعلان کیا جو 71 سالہ تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کو میڈیکل کالج کی سہولت فراہم کی جائے۔