قومی اسمبلی نے کابینہ ڈویژن ، وزارت توانائی اور وزارت خارجہ کے اخراجات کیلئے مطالبات زر کی منظوری دے دی

17

اسلام آباد،26جون  (اے پی پی):قومی اسمبلی نے کابینہ ڈویژن کے مختلف شعبہ جات کے 30 جون 2022ء کو ختم ہونے والے مالی سال کے اخراجات کے لئے 417 ارب 28 کروڑ روپے سے زائد کے 29 مطالبات زر کی منظوری دے دی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے پیش کی جانے والی 397 کٹوتی کی تحریکیں کثرت رائے سے مسترد کردی گئیں جبکہ  قومی اسمبلی نے وزارت توانائی کے مختلف شعبہ جات کے 30 جون 2022ء کو ختم ہونے والے مالی سال کے اخراجات کے لئے 374.311 ارب روپے سے زائد کے 5 مطالبات زر کی منظوری دے دی، اپوزیشن کی جانب سے کٹوتی کی 230 سے زائد تحاریک مسترد کردی گئیں اور نئے مالی سال 22-2021 میں وزارت خارجہ کے اخراجات کے لئے 23 ارب 9 کروڑ 25 لاکھ روپے کے دو مطالبات زر کی منظوری دیدی، ایوان نے اپوزیشن کی جانب سے کٹوتی کی 143 تحاریک مسترد کردیں۔

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کابینہ ڈویژن  کے ،  پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے وزارت توانائی کے مختلف شعبہ جات کیلئے  جبکہ پارلیمانی سیکرٹری زین حسین قریشی نے وزارت امور خارجہ اور فارن مشنز کے اخراجات کے لئے مطالبات زر پیش کئے۔

اسمبلی کے اجلاس میں مختلف وزارتوں کے مطالبات زر کی منظوری دی گئی ۔ باقی رہ جانے والی وزارتوں کے مطالبات زر کی منظوری (کل) پیر کو لی جائے گی۔ بعد ازاں سپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس (کل) پیر کو دوپہر 12 بجے تک ملتوی کردیا۔