قومی اسمبلی نے 5 گھنٹے 10 منٹ کی طویل بحث کے بعد فنانس بل 2021کی منظوری دےدی

77

اسلام آباد۔29جون  (اے پی پی):قومی اسمبلی نے 5 گھنٹے 10 منٹ کی طویل بحث کے بعد فنانس بل 2021 کی منظوری دےدی۔ منگل کو  قومی اسمبلی کے ذرائع نے بتایا کہ بجٹ    پر بحث میں حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے 244 ارکان نے حصہ لیا ۔ قومی اسمبلی میں بجٹ پر 69 گھنٹے اور 5 منٹ کی بحث ہوئی۔ اپوزیشن ارکان کو بجٹ پر بحث کیلئے اضافی 16 گھنٹے 5 منٹ دیئے گئے جبکہ حکومتی ارکان کو ان کے مختص وقت سے 13 گھنٹے زائد کا وقت دیا گیا۔ اس کے علاوہ 16 گھنٹے 10 منٹ مطالبات زر اور کٹوتی کی تحاریک کیلئے مختص کئے گئے ۔ ذرائع نے بتایا کہ سینٹ کی سفارشات پر ایک گھنٹہ 12 منٹ غور کیا گیا۔ لازمی اخراجات پر بحث کیلئے ایک گھنٹہ 10 منٹ کا وقت دیا گیا۔ بجٹ کیلئے تقریبا 93 گھنٹے  مختص کئے گئے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق (آج) بدھ کو سپلیمنٹری بجٹ کیلئے مزید وقت دیا جائے گا۔ یہ بجٹ کیلئے  مختص کیا گیا اب تک کا ریکارڈ وقت ہے جو ارکان پارلیمان کی طرف سے  پارلیمانی نگرانی اور ان کی آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے حوالہ سے ان کی سنجیدگی کا مظہر ہے۔