لاہور، 01جون (اے پی پی ): صوبائی وزیرتحفظ ماحولیات محمد رضوان سے برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندگان نےملاقات کی۔ملاقات میں نمائندگان میں برطانوی نمائندہ الیکس برینگر اور ڈیویلپمنٹ ایڈوائزر ثناء ضیاء شامل تھے۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے برطانوی نمائندہ الیکس برینگر نے کہا کہ برطانوی ہائی کمیشن کیجانب سے دو طرفہ تعلقات، ترقی، سرمایہ کاری اور تجارت کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ان میدانوں میں کے پی کے،حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صحت، تعلیم، گورننس، آب و ہوا اور دیگر ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے حکومت پنجاب کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر محمد رضوان نے وفد کیجانب سے ماحولیاتی آلودگی پر کنٹرول پانے کیلئے معاونت کی پیشکش کو سراہا اور وفد کو ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے حوالے سے حکومت پنجاب کے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پنجاب بھر میں قائم 10,000 سے زائدبھٹوں کو زگ زیگ یا دوست ماحول ٹیکنالوجی پر منتقل کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ماحولیات نے BTK ٹیکنالوجی کے حامل نئے اینٹوں کے بھٹوں کی تعمیر پر بھی پابندی عائد کردی ہے، ماحولیاتی آلودگی کو مانیٹر کرنے کیلئے متعدد اسٹیشنز قائم کیئے جا چکے ہیں، گاڑیاں تیار کرنے والی فیکٹریوں کو جدید آلات کی تنصیب یقینی بنانے کے لیئے اقدامات کیئے جا رہے ہیں، صوبہ بھر میں یکم جون سے سات جون تک ہفتہ ماحولیات بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے۔
وفد نے محکمہ ماحولیات پنجاب کی طرف سے ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے کیئے جانیوالے اقدامات کو سراہا ۔ وفد نے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر ٹیکنیکل ٹریننگ کے لئے مکمل تعاون کی پیش کش بھی کی۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ماحولیات، ڈی جی ماحولیات اور دیگر متعلقہ افراد بھی موجود تھے۔