محکمہ بلدیات انتخابات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا کی اگلے مالی سال کی ضروریات ، مالی نظم و ضبط پر مبنی اجلاس کا انعقاد

41

پشاور، 3جون(اے پی پی): پشاور میں محکمہ بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا کی اگلے مالی سال کی ضروریات اور مالی نظم و ضبط اور دیگر امور پر بحث کرنے کیلئے ایک غیر معمولی اجلاس کا انعقاد ہوا جسکی صدارت وزیر بلدیات اکبر ایوب خان نے کی جبکہ وزیر خزانہ و صحت تیمور خان جھگڑا نے بھی اجلاس میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

اجلاس میں بلدیاتی اداروں کے سربراہان نے محکمہ خزانہ کو کارکردگی رپورٹ کے علاوہ مالی ضروریات سے آگاہ کیا جبکہ اجلاس میں بلدیاتی اداروں کی مالی ضروریات اور مالی کارکردگی کی بہتری کیلئے بعض لینڈ مارک فیصلے بھی کئے گئے۔

اجلاس کے دوران بلدیاتی انتخابات کیلئے ایک ارب روپے کی گرانٹ مختص کرنے، تمام شہروں اور دیہات میں یقینی صفائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کیلئے درکار جدید مشینری کی خریداری کی غرض سے دو ارب روپے جبکہ مالی طور پر کمزور ٹی ایم ایز کیلئے ایک ارب روپے کی گرانٹ فراہمی پر اتفاق اور صوبے بھر میں صفائی و حفظان صحت کیلئے بھاری بھرکم فنڈز کرنے جبکہ کرپشن اور وسائل کے ضیاع کی روک تھام اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے سخت ترین اقدامات کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں پشاور کی چھ نئی قائم شدہ تحصیلوں کیلئے دو دو کروڑ روپے اور ڈبلیو ایس ایس پی پشاور کیلئے چالیس کروڑ روپے خصوصی گرانٹ منظوری پر اتفاق کے علاوہ بلدیاتی عملہ کے تمام آپ گریڈیشن کیس نمٹانے کے علاؤہ صوبے بھر میں درکار مزید عملہ صفائی کی بھرتی کیلئے آپریشنل گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے اکبر ایوب نے کہا کہ صوبے میں 95 فیصد مسائل صفائی کے ہیں جن کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بلدیاتی معاملات میں خصوصی دلچسپی لینے پر وزیراعلی اور وزیر خزانہ کے ساتھ ساتھ وزیراعظم پاکستان کا بھی خصوصی طور پر شکر گزار ہوں۔

اجلاس سے مخاطب ہوتے ہوئے وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے کہا کہ صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود ٹی ایم ایز کو مستحکم بنانے اور بلدیاتی انتخابات کے کامیابی سے انعقاد میں الیکشن کمیشن سے پورا تعاون کرے گی۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے وفاقی اور صوبائی سطح پر معاشی استحکام کے اہداف حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے فوری اور خودکار طریقے سے حل کو یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اور انقلابی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

اجلاس میں سیکرٹری بلدیات، ڈائریکٹر جنرل بلدیات،  سیکرٹری انتخابات و حدبندی، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ، چیف ایگزیکٹیو ڈبلیو ایس ایس پی و دیگر کے علاؤہ محکمہ خزانہ کے اعلٰی حکام نے  بھی شرکت کی۔