پشاور،09 جون(اے پی پی): محکمہ خوراک نے گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مزید 17 افراد کو گرفتار کرلیا۔ صوبائی وزیر خوراک عاطف خان، سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک محمد زبیر کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے پشاور صدر، گلبرگ، نوتھیہ اور خیبر سپر مارکیٹ میں اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں معیار کو چیک کرتے ہوئے نرخوں بارے آگاہی حاصل کی اور سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر 17 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا جن میں جنرل سٹور مالکان، پھل فروش، نانبائی، قصائی اور آٹا فروش بھی شامل ہیں، جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔
راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرانفروشی کسی صورت قبول نہیں ہے جس کے روک تھام کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروش شہر کے کسی بھی کونے میں ہوں محکمہ خوراک کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے، گرانفروش اپنا قبلہ درست کریں بصورت دیگر ان کی دکانوں کو سیل کیا جائے گا۔