مدراینڈ چائلڈ بلاک گنگارام ہسپتال کی تعمیرکاکام  مقررہ وقت پر مکمل کیاجائے گا؛صوبائی وزیر ڈاکٹریاسمین راشد

17

لاہور،10جون (اے پی پی )صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا ہے کہ مدراینڈ چائلڈ بلاک گنگارام ہسپتال کی تعمیرکاکام تیزی سے جاری ہے جسے مقررہ وقت پر مکمل کیاجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کا چوبیسواں سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔جسٹرارفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی نے اجلاس کے دوران سینڈیکیٹ کے ایجنڈاکے مندرجات پیش کئے۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئےصوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کے مدراینڈ چائلڈ ہسپتالوں کیلئے فنڈزکی کوئی کمی نہیں۔انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدارعوام کو صحت کے شعبہ میں بہترین سہولیات فراہم کرناچاہتے ہیں۔صوبہ میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتالوں اور صحت سہولت کارڈکے منصوبے ا سی مثبت اور تعمیری سوچ کے عکاس ہیں۔

 صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران 23ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران ایم ایس گنگارام ہسپتال ڈاکٹراحتشام الحق کو مدراینڈ چائلڈ بلاک کا پروجیکٹ ڈائریکٹر بنانے کی منظوری دے دی گئی۔

سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران زیر تعمیرمدراینڈ چائلڈ بلاک سرگنگارام ہسپتال کیلئے مشینری اور فرنیچرکی خریداری کی اجازت دی دے گئی جبکہ  فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی اور گنگارام ہسپتال کے ایڈہاک ملازمین کو ریگولرکرنے پرغورہوا۔

سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران اسسٹنٹ پروفیسرریوماٹولوجی کی اسامی کی منظوری دے دی گئی اور ایم ایس اور ایم ڈی پروگرام کے فی سٹرکچرکی منظوری دے دی گئی۔گنگارام ہسپتال کے اے سی،ریفریجنریٹرز اور واٹرکولرزکی مینٹیننس اور مرمت کی منظوری دے دی گئی۔

 فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کی اپ گریڈیشن کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹرآصف طفیل،وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹرعامرزمان خان و دیگر سینڈیکیٹ ممبرا ن نے شرکت کی۔