ملاکنڈ ؛ تحصیل درگئی کے علاقے قائدآباد میں کھلی کچہری کا انعقاد

46

ملاکنڈ، 23 جون    (اے پی پی ):  ضلعی انتظامیہ ملاکنڈ اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن درگئی کے زیر اہتمام تحصیل درگئی کے علاقے قائدآباد میں کھلی کچہری منعقد کی گئی جس کے مہمانان خصوصی ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ سہیل خان اور اسسٹنٹ کمشنر درگئی محب اللہ خان تھے۔

کھلی کچہری کے دوران شرکاء نے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈسہیل خان کے سامنے مسائل کے انبار لگا دئیے۔کھلی کچہری کے دوران شرکا ء نے خود ساختہ مہنگائی اور گورنمنٹ گرلز سکول میں بجلی کے عدم فراہمی، سڑک کی ابتر صورتحال، ٹیلی نار نٹ ورک کی خرابی، شامیلات اراضی میں لوگوں کی مداخلت و قبضے، ٹریڈ یونین درگئی کے انتخابات کرانے سمیت دیگر مسائل بیان کئے جس پر ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ سہیل خان نے اسسٹنٹ کمشنر اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی سمیت متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ خود ساختہ مہنگائی اور امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لاکر ذخیرہ خوروں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف آپریشن شروع کریں اور ملوث افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیں۔

کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ سہیل خان اور اسسٹنٹ کمشنر درگئی محب اللہ خان نے کہا کہ کھلی کچہری کے علاوہ بھی شہری کسی بھی مسئلے کے لئے بلا جھجھک رابطہ کرسکتے ہیں ہمارے دروازے ہر کسی کے لئے دن رات کھلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو شریف شہریوں کو تنگ کرنے یا ان کے جان و مال کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دینگے۔

ڈپٹی  کمشنر  اور اسٹنٹ  کمشنر  نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کے مسائل سن کر لوگوں کے دہلیز پر ان کا حل فراہم کرنا ہے۔

کھلی کچہری میں ایک معذور سائل نے محکمہ ایریگیشن ملاکنڈ کے نامناسب رویے اور تجاوزات کے نام پر دکان مسمار کرنے کی شکایت کی اور کہا کہ ایریگیشن کے اہلکاروں نے باآثر لوگوں کے گھر اور دکانیں چھوڑ کر مجھ معذور کی دکان کو بغیر کسی پیشگی اطلاع کے مسمار کیاجس سے میرے گھر کا چولہا ٹھنڈا ہو گیا ہے جبکہ مسماری کے وقت دکان میں پڑے لاکھوں روپے بھی گم ہو گئے ہیں جس پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ایریگیشن ملاکنڈ کے اہلکاروں کی سرزنش اور جلد از جلد واقعے کی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی۔

 کھلی کچہری میں صوبیدار میجر ملاکنڈ لیویز فرید اللہ خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر درگئی وحید اللہ خان، اے ڈی انفارمیشن ملاکنڈ حسین احمد خان،تحصیل میونسپل آفیسر درگئی اورنگزیب خان اور ڈی ایم ایس درگئی ڈاکٹر جاوید خان سمیت تمام محکموں کے حکام اور اہلکار وں نے شرکت کی۔