ملتان؛بستی لابر میں دیہی مرکز مال فعال کر دیا گیا،فرد ملکیت،بائیومیٹرک،ریونیو انتقلات سمیت تمام سہولیات فراہم ہونگی

66

ملتان، 26 جون (اے پی پی): وزیراعلی پنجاب کا عوام کو ریونیو سروسز انکی دہلیز پر فراہم کرنے کا انقلابی منصوبہ ،

حکومت پنجاب کا ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی طرف ایک اور قدم، دیہی مال مراکز فعالی کا آغاز کر دیا گیا ہے، بستی لابر صوبائی حلقہ 212 میں دیہی مرکز مال فعال کر دیا گیا ہے، دیہی مرکز مال کا افتتاح کمشنر جاوید اختر محمود، ایم پی اے سلیم لابر نے کیا۔

اس موقع پر کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ دیہی مراکز مال میں فرد ملکیت،بائیومیٹرک،ریونیو انتقلات سمیت تمام سہولیات فراہم ہونگی۔انہوں نے کہا کہ  ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کا مقصد دیہی علاقوں کے باسیوں کو ریلیف دینا ہے، دیہی مراکز مال سے ریونیو ریکارڈ کی عدم دستیابی سمیت تمام شکایات کا ازالہ ہوگا۔

 جاوید اختر محمود نے کہا کہ شہری اپنی قانون گوئی میں ریونیو سہولیات سے مستفید ہوسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ دیہی مراکز مال کے قیام سے اراضی مراکز کے ورکنگ لوڈ میں کمی آئے گی۔

 ممبر صوبائی اسمبلی سلیم لابر نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نعروں سے بڑھ کر عملی اقدامات کر رہی ہے،  وزیر اعلی پنجاب اس خطے کی ترقی کے خواہاں ہیں۔انہوں نے ڈویژنل انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ اپنے حلقے کے پٹواریوں کو مراکز مال میں دفتر بناکر دوں گا ، میرے حلقے کے تمام کاشتکاروں کے کام دیہی مرکز مال سے حل ہونگے۔

سلیم لابرنے کہا کہ نشتر2 کی تعمیر اہل علاقہ، جنوبی پنجاب کے باسیوں کے لیے تحفہ ہے،اس حلقے کی بہتری کیلئے حکومت پنجاب  نے سڑکوں کی تعمیر کیلئے 50 کروڑ کے منصوبے دیے ہیں۔

 شہریوں نے حکومت پنجاب کے اس احسن اقدام کو سراہا اور کہا کہ دور دراز کے اراضی ریکارڈ سنٹر میں جانے سے وقت اور  پیسہ خرچ ہوتا تھا، خدمت آپکی دہلیز پر کی عملی مثال پی ٹی آئی حکومت میں نظر آئی ۔