ملتان؛”خدمت آپ کی دہلیز پر”پروگرام کے سلسلے میں آگاہی واک کا اہتمام

36

ملتان، یکم جون (اےپی پی):”خدمت آپ کی دہلیز پر”پروگرام کے سلسلے میں ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ حرم گیٹ سبیل چوک سے شروع ہونیوالی واک کی قیادت پالیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت محمد ندیم قریشی نے کی، ایم ڈی ایم ڈبلیو ایم سی فخرالاسلام ڈوگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

واک میں پی ٹی آئی کے کارکنوں،ٹائیگر فورس کے رضا کاروں،تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ،واک لوہا مارکیٹ چوک جا کر اختتام ہذیر ہوئی۔

اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام ایک مشن ہے، خدمت پروگرام کے ذریعے شہریوں کے مسائل انکی دہلیز پر حل کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے سروس ڈیلیوری میں بڑے ہیمانے پر بہتری آئے گی۔

 ندیم قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کلین اینڈ گرین پاکستان کا وژن ماحول کی بہتری میں ایک انقلاب لائے گا اور  وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں” گرین اینڈ کلین” پنجاب کی منزل کا حصول ہمارا ٹارگٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ

پی ٹی آئی کے تمام پارلیمنٹیرینز “صاف ستھرا پنجاب” کے خواب کی تعبیر کے لئے عثمان بزدار کے ساتھ کھڑے ہیں سیوریج اور صفائی ملتان کےدو بڑے مسائل ہیں۔

 پارلیمانی سیکرٹری ندیم قریشی نے کہا کہ گزشتہ 22سال کے دوران ویسٹ منیجمنٹ کے ادارے کے لئے نئی مشینری خریدی گئی اور نہ ہی ورکرز بھرتی کئے گئے ہیں اور  آبادی کے مقابلے میں کمپنی کی استعداد میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار پی ٹی آئی کی حکومت نے ایم ڈبلیو ایم سی کے ورکرز میں اضافہ کیا ہے اور  نئی مشینری کی خریداری کی اجازت  دی  جس سے شہر اولیاء میں صفائی کی صورتحال میں بہتری آئے گی،  محدود افرادی قوت اور مشینری کے باوجود شہر کو صاف ستھرا رکھنے پر کمپنی انتظامیہ اور ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

ندیم قریشی نے کہا کہ شہری گھروں اور دکانوں کا کوڑا گلیوں اور سڑکوں پر پھینکنے کی بجائے کمپنی ورکرز کے حوالے کریں، ملتان کو صفائی اور خوبصورتی کے حوالے سے پنجاب کا ماڈل شہر بنایا جائے گا۔

 ایم ڈی فخرالاسلام ڈوگر نے کہا شہر کی تمام یونین کونسلوں میں مرحلہ وار خصوصی صفائی مہم جاری ہے اور  روزانہ چار یونین کونسلوں میں خصوصی صفائی آپریشن لانچ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام علاقوں میں معمول کا صفائی آپریشن جاری ہے اور  “خدمت آپ کی دہلیز پر” پروگرام میں پنجاب میں بہترین کارکردگی کا مظاہر کرکے عوام کے دل جیتیں گے۔