ملتان، 26 جون (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے خانیوال میں چار سالہ بچی کے اغوا اور قتل کا سخت نوٹس لیا ہے، وقوعہ کی اطلاع ملنے پر آر پی او خانیوال پہنچ گئے، مظاہرین کی طرف سے بند ریلوے ٹریک مذاکرات کے بعد کھلوایا اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیااور لواحقین سے ان کے گھر جا کر تعزیت کی اور ملاقات میں لواحقین سے بچی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
انہوں نے لواحقین کو یقین دلایا کہ قاتل کو جلد گرفتار کر کے لواحقین کو انصاف دلایا جائے گا ڈی ایس پی اور ایس ایچ و کو غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا ہے اور ایس ایچ او کے خلاف غفلت برتنے پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا کہ پولیس کا کام ہی عوام کی مدد کرنا ہے اس کیس میں جس انداز سے غفلت برتی گئی، اس پر معافی کی کوئی گنجائش نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کی ہمدردیاں لواحقین کے ساتھ ہیں، انہیں انصاف فراہم کرنے کے لیے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں جب تک قاتل گرفتار نہیں ہو جاتا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی طرف سے بھی واقعہ کا سخت نوٹس لیا گیا ہے۔ اس دوران ڈی پی او خانیوال محمد علی وسیم، ایس ایس پی آر آئی بی راؤ نعیم،پی ایس او ٹو آر پی او محمد یوسف بھٹی اور ریڈر محمد نعیم بھی ہمراہ تھے۔