ملتان؛ ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی کی تفتیشی افسران کو صحیح خطوط پر تفتیش کرنے  کی ہدایت

44

ملتان، 17 جون (اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے ایس ڈی پی او آفس میلسی میں سنگین مقدمات کے مدعیان،تاجروں، وکلا،شہریوں کے وفود سے ملاقات کی اور  سنگین مقدمات کے مدعیان سےتفتیش میں پیشرفت بارے  معلومات حاصلِ کیں۔ آر پی او نے تفتیشی افسران کو صحیح خطوط پر تفتیش کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو انصاف دلانے میں درست تفتیش بہت اہم ہے اس لیے میرٹ پر تفتیش کو یکسو کریں۔

 آر پی او نے وکلا،تاجروں،شہریوں اور صحافیوں سے  بھی ملاقات کی اور امن و امان بارے معلومات لے کر ضروری ہدایات جاری کیں۔

 ایک شہری کی شکایت پر ریجنل پولیس آفیسر نےایس ایچ او تھانہ سٹی میلسی کو منشیات فروشی 15 روز میں ختم کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا بدنما داغ ہیں، انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پراپرٹی کے معاملات میں پولیس فریق نہ بنے اور پولیس لوگوں کو غیر جانبدار رہ کر انصاف دے۔

 ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے مزید ہدایت کی کہ سود خوروں کے خلاف سخت کارروائی کریں اور شہریوں کو سود خوروں کے پنجوں سے نجات دلائیں، بینک چیک کے معاملات میں پولیس میرٹ پر تفتیش  کرے۔

آر پی او نے شہریوں کے مسائل سن کر موقع پر حل کے احکامات دیئے۔ ڈی پی او امیر عبداللہ نیازی اور ایس ڈی پی او میلسی بھی کھلی کچہری میں موجود تھے۔