ملتان؛ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے سڑکوں پر جمنے والی مٹی اٹھانے کے لئے صفائی آپریشن کا آغاز کردیا گیا

17

ملتان،18 جون (اے پی پی ): مون سون کی بارشوں کی وجہ سے سڑکوں پر جمنے والی مٹی اٹھانے کے لئے صفائی آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے اور ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے مرکزی شاہراہوں کے ڈیوائیڈرز کے اطراف میں سکریپنگ شروع کر دی ہے،مصروف چوکوں میں بھی صفائی ستھرائی کی جارہی ہے۔بوسن روڈ کی سکریپنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ نادرن بائی پاس، بہاولپور بائی پاس، چوک کمہارانوالہ اور وہاڑی چوک کی صفائی کا کام جاری ہے،مٹی اٹھانے کے لئے فرنٹ بلیڈ ٹریکٹرز اور ٹرالیاں استعمال کی جارہی ہیں۔

ایم ڈی ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فخرالاسلام ڈوگر نے اس حوالے سے بتایا کہ شاہراہوں اور بڑے چوکوں کی صفائی “خدمت آپکی دہلیزپر” پروگرام کا حصہ ہے اور خدمت پروگرام کے آخری دو ایام میں شاہراہوں اور بڑے چوراہوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہراہوں پر جمع ہو جانے والی مٹی گرد وغبار بن کر ٹریفک کے لئے مسائل پیدا کرتی ہے جبکہ شاہراہوں پر اڑنے والی دھول مٹی موٹر سائیکل سواروں کے بھی مشکلات کا باعث بنتی ہے اس لئے دھول مٹی سے نجات کے لئے شہر کی اہم شاہراہوں کی واشنگ صفائی آپریشن کو پلان میں شامل کیا گیا ہے۔