ملتان، 12جون (اے پی پی ): پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بچوں کیلئے مضر صحت خوراک تیار کرنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سنیکس یونٹس، سویٹس اینڈ بیکرز کی چیکنگ کی اور بھاری جرمانے عائد کر دئیے گئے ہیں۔ کارروائی کے دوران 475کلو غیر معیاری خوراک، 20کلو کھویا، 10کلو ایکسپائرڈ اجزاء تلف کر دئیے گئے ہیں ۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ ناقابل سراغ اجزاء کے استعمال پر پاپڑ فیکٹری کو 30ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور ایکسپائرڈ فلیورز کا استعمال کرنے پر2کنفیکشنری یونٹس کو 30ہزار کے جرمانے عائد کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پروڈکشن ایریا میں حشرات کی بہتات، خوراک کو ڈھانپ کر نہ رکھنے پر جرمانے کیے گئے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ نے کہا کہ 2بیوریجز یونٹس کو مشروبات کی برکس ویلیو کم ہونے پر 20ہزار کے جرمانے کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا مشروبات کی پیکنگ کیلئے غیر قانونی طور پر مختلف برانڈز کا نام استعمال کیا جارہا تھا اور خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے،غیر معیاری خوراک تیار کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔