ملتان، 30 جون (اے پی پی):حکومت پنجاب کا یوریا کھاد کی مصنوعی قلت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا آغاز، کمشنر جاوید اختر محمود نے بھی یوریا کھاد کے ذخیرہ اندوزوں،گرانفروشوں اور جعلی زرعی ادویات کیخلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت کر دی ہے۔
کمشنر جاوید اختر محمود کی زیر صدارت ڈویژنل زرعی ٹاسک فورس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ جعلی زرعی ادویات ،کھاد مافیا کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے، ڈپٹی کمشنرز ضلعی سطح پر چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیں۔
کمشنر نے کہا کہ جعلی زرعی ادویات، کھاد کی تیاری میں ملوث مافیا کو احتساب کے کٹہرے میں لائیں، سوہنی دھرتی کی فصلیں تباہ کرنے والا مافیا ہمدردی کا مستحق نہیں، کاشتکاروں کو معیاری ادویات کی فراہمی کیلئے رجسٹرڈ ادویات بھیجی جائیں۔
کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا فصل بہترین ہونے سے کسان خوشحال،ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور زرعی ٹاسک فورسز روزانہ کی بنیاد پر نمونہ جات اکھٹا کرکے میرٹ پر مقدمات درج کرائیں۔انہوں نے محکمہ زراعت کے مجسٹریٹس کا ڈیٹا بھی طلب کرلیا اور وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ
غلط ڈیٹا اپلوڈ کرنے واے افسران کیخلاف کارروائی کی جائے گی اور کہا کہ امسال 15 ملین سے زائد جرمانہ کیا جا چکا ہے۔
جاوید اختر محمود نے کہا کہ کاشتکاروں کا معاشی استحکام حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ۔
ڈویزن کے ڈپٹی کمشنرز، زرعی افسران اور کاشتکار اجلاس میں شریک ہوئے۔