ملتان ؛ نویں عوامی ریونیو خدمت کچہری کا انعقاد،کمشنر نےشہریوں کے مسائل سن کر موقع پر حل کے احکامات  جاری کئے

45

ملتان، 01جون(اے پی پی):ملتان ڈویژن میں 9ویں عوامی ریونیو خدمت کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے تحصیل کونسل ملتان میں منعقد ریونیو عوامی خدمت کچہری کا دورہ کیا اس اور شہریوں کے مسائل سن کر موقع پر حل کے احکامات بھی جاری کئے۔

 کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ گزشتہ8کچہریوں میں 9707درخواستیں وصول،9631  حل کی گئیں ہیں اور  76 درخواستیں عدالتی کیسز،دیگر قانونی پچیدگیوں کی وجہ سے زیر التواء ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی وژن کے تحت کام کر رہے ہیں،

عوام کی کچہری میں شرکت کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے۔

کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ عوام کیلئے فرد ملکیت اور وراثت کے حصول کا عمل سہل بنایا جارہا ہے اور لینڈ ریونیو و دیگر سرکاری واجبات کی ریکوری بہتر کی جارہی ہے، ریونیو معاملات و ریکوری افسران کا بنیادی کام ہے، اس پر توجہ دیں۔

 کمشنر نے کہا کہ افسران عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں، تمام ریونیو افسران و عملہ صبح 10 تا دوپہر 3 بجے تک تحصیل آفس میں موجود رہیں گے اور  ریونیو افسران پورے دن کی سروس ڈیلوری رپورٹ ایڈیشنل کمشنر ریونیو کو جمع کروانے کے پابند ہیں۔

اس موقع پر قائم مقام ڈی سی طیب خان، اسسٹنٹ کمشنر خواجہ عمیر سمیت سب رجسٹرار نوید احمد، کامران بخاری اور تحصیلدار،قانونگو، پٹواری عملہ لینڈ ریکارڈ بھی موجود تھے۔