ملتان ،28جون(اے پی پی ): سیکرٹری صحت و بہبود آبادی جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے نشتر ہسپتال ملتان کا اچانک دورہ کیا ،دورہ کے دوران سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نے نشتر ہسپتال کی ایمرجنسی میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر برہمی کا اظہار کیا اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر شاہد محمود بخاری کو فوری انتظامات بہتر کرنے کی ہدایات جاری کی۔
سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نے ہسپتال کے مختلف وارڈز میں سہولیات کی فراہمی اور مختلف مقامات پر جاری مرمت اور تزین و آرائش کے کام کا بھی معائنہ کیا اور گائنی اور یوروالوجی وارڈز میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت بھی کی اور ان سے فراہم کردہ طبی سہولیات بارے استفسار کیا ۔
سیکرٹری صحت نے نشتر ہسپتال میں بنائے گئے نئے گائنی وارڈ کو جلد سے جلد فعال کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں جاری ٹائل ورک اور دیگر کاموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہے ، نشتر ہسپتال ملتان کا شمار پاکستان کے بڑے ہسپتالوں میں ہوتا ہے، یہاں پر طبی سہولیات پر کسی قسم کی کوتاہی قابلِ قبول نہیں ہے ۔
محمد اجمل بھٹی نے کہا کہ نشتر ہسپتال میں علاج معالجہ کے لیے دور دراز سے آنے والے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ نشتر ہسپتال میں علاج کے دوران مریضوں اور ان کے رشتہ داروں کی جانب سے ملنے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔