ملتان ،20 جون (اے پی پی ):موٹروے پولیس M-5 کی جانب سے ایمرسن یونیورسٹی ملتان کی دیوار کو روڈ سیفٹی دیوار بنا دیا گیا،روڈ سیفٹی دیوار کا مقصد طلباء میں روڈ سیفٹی کی اہمیت اُجاگر کرنا ہے۔
دیوار پر رنگا رنگ کے بینرز آویزاں کر دیے گئے جن پر عام روڈ، ہائی ویز اور موٹر ویز کے متعلق معلومات لکھی ہوئی ہیں ۔
ایس پی رانا سرفراز نے کہا کہ اب تک بہت سی قیمتی جانیں روڈ پر ہونے والے حادثات میں ضائع ہو چکی ہیں۔طلباء سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمام طلباء موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں۔ موٹر سائیکل چلاتے وقت موبائل فون کا استعمال انتہائی خطرناک اور جان لیوا فعل ہے لہذا موبائل فون کا استعمال نا کریں۔انہوں نے کہا کہ پیدل سڑک کراس کرتے وقت دونوں اطراف دیکھیں اور پھر سڑک کراس کریں۔
طلباء وطالبات نے دیوار پر آویزاں بینر پر لکھے ہوئے عہد پر دستخط کیے اور عہد دہرایا کہ وہ ہمیشہ روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل کرینگے اور دوسروں کو آگاہی دینے میں موٹر وے پولیس کا ساتھ دینگے۔
اس موقع پر موٹر ویز M-5 کے سیکٹر کمانڈر ایس پی رانا سرفراز احمد سمیت ڈی ایس پی لائنز ہیڈکوارٹر مسرور علی، ایمرسن یونیورسٹی ملتان کے پروفیسر ڈاکٹر ابرار محی الدین،پی آر او سیکٹر-1 سب انسپکٹر حسان ملک اور طلبہ وطالبات موجود تھے۔