ملتان،14 جون(اے پی پی): گورنمنٹ اقبال سکینڈری سکول شاہ رکن عالم کالونی ملتان میں ایک روزہ کورونا ویکسینیشن سینٹر قائم کیا گیا جس میں اساتذہ اور دیگر لوگوں کی ویکسینیشن کی گئی۔ اس موقع پر فوکل پرسن ویکسینیشن سینٹر، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر ایلمینٹری ایجوکیشن ملتان محمد اسلم خان قیصرانی، پرنسپل عنایت علی قریشی نے سینٹر کا وزٹ کیا اور کہا کہ کورونا وائرس عالمی وباء ہے جس کے تدارک کیلئے ہر شخص ویکسینیشن لازمی کروائے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے حکومتی سطح پر بہتر حکمت عملی کے باعث انسانی جانوں کا ضیاع دیگر ممالک کی نسبت کم ہوا ہے، اس سلسلے میں سکولوں میں بھی کورونا ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کیا جارہا ہے تاکہ بچے اس مہلک مرض سے محفوظ رہیں، ویکسینیشن سینٹر شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ہیں شہری وہاں جا کر بھی ویکسینیشن کروا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ایجو کیشن اتھارٹی ملتان سی او ایجوکیشن شمشیر احمد خان اور محکمہ صحت ملتان کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اہم اقدام اٹھایاجس سے اساتذہ کی ویکسی نیشن کا عمل آسان ہوا ہے۔
اس موقع پر رانا یوسف نون، ماہر تعلیم میاں وقاص فرید قریشی نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سکولوں میں بہتر احتیاطی تدابیراختیارکی جارہی ہیں، گورنمنٹ اقبا ل سکینڈری سکول میں ویکسینیشن کروانے کیلئے آنیوالے افراد کی ہرطرح سے مدد کی جارہی ہے جو کہ خوش آئند ہے، انشاء اللہ پاکستان بہت جلد عالمی وباء سے نکل کر ترقی کی جانب مزید رواں دواں ہوگا۔
اس موقع پر نذر محمد، امام الدین، ڈاکٹر فرحان ناصر،صابر ندیم، فہیم احمد، محمد صادق،ملک لیاقت لانگ، محمد حامد اختر،قاری محمد عاشق، محمد اقبال خان، رانا محمد انور، مظفر لطیف،رانا محمد انور،غلام حبیب سعیدی، صابر شکور، حافظ داؤد حسینہ بی بی، ریحانہ پروین، عمر فاروق مغل، سید کوثر شاہ دیگر شریک تھے۔