ملتان، 21 جون (اے پی پی ): پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان نے پارکوں کی سیکورٹی کو بہتر بنانے کے لیئے نجی سیکورٹی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔پارکوں میں سیکورٹی سسٹم کو بہتر بنانے کے لیئے اقدامات کر رہے ہیں ۔پارک میں آنے والے افراد کے لیئے محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔
ڈی جی پی ایچ اے سید شفقت رضا نے ان خیالات کا اظہار پی ایچ اے ہیڈ آفس میں سیکورٹی گارڈ ز سے ملاقات کے موقع پر کیا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس لطیف خان اور نجی کمپنی کے منیجر محمد زاہد بھی موجود تھے۔ڈی جی پی ایچ اے سید شفقت رضا نے مزید کہا کہ ملتان شہر میں پی ایچ اے 60سے زائد پارکوں کا کنٹرول سمبھال رہا ہے۔اس سال کچھ نئے پارک بھی زیر تعمیر ہیں ۔آئندہ چند عرصہ میں پارکوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔جس کے لیئے افراد ی قوت کی مزید ضرورت پیش آئے گی۔اُنھوں نے مزید کہا کہ شاہ شمس پارک اور قلعہ شہر کے بڑے پارکس ہیں جن میں بڑی تعداد میں سیکورٹی گارڈ ز کی ضرورت ہے۔پی ایچ اے کے سیکورٹی گارڈ ز کے ساتھ نجی سیکورٹی گارڈز کی تعیناتی سے سیکورٹی کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔تربیت یافتہ گارڈز پارکوں میں مستدی سے فرائض سر انجام دیں گے۔ادارے کی بہتری کے لیئے احسن اقدامات کرتے رہے گے۔