ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے نوجوانوں کی سیاست میں شمولیت بے حد اہمیت کی حامل ہے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب

9

اسلام آباد۔30جون  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کے فروغ کیلئے نوجوانوں کی سیاست میں شمولیت بے حد اہمیت کی حامل ہے، اس ضمن میں نوجوان اراکین پارلیمنٹ کا فورم تشکیل دیا گیا ہے، ملک کی نوجوان نسل میں شعور اجاگر کرنے اور آگاہی پھیلانے میں ینگ پارلیمنٹیرین اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ بدھ کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز میں عالمی یوم پارلیمان کے موقع پر ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے زیراہتمام منعقدہ تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ تقریب میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، چیئرپرسن پارلیمنٹری ٹاسک فورس ریاض فتیانہ، ینگ پارلیمنٹیرین فورم کے صدر شاہد ملک سمیت وی پی ایف کے سیکرٹری جنرل اور اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے لازم ہے کہ نوجوان نسل کو زیادہ سے زیادہ سیاسی عمل میں شریک کیا جائے اس سلسلہ میں ینگ پارلیمنٹیرین فورم کی بنیاد رکھی گئی ہے تاکہ نوجوان اراکین پارلیمنٹ اپنے اپنے حلقوں میں زیادہ سے زیادہ نوجوان نسل کو سیاست میں شریک کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں معاشرے کے نوجوانوں میں شعور اجاگر کرنے اور ان میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اراکین پارلیمنٹ کو چاہئے کہ وہ پارلیمنٹ کی کارروائی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اراکین پارلیمنٹ کو اسمبلی کے قواعد و ضوابط اور تاریخ سمیت دیگر قوانین سے متعلق آگاہی دینے کیلئے تربیتی ورکشاپس منعقد کی جائیں گی جس سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے زیراہتمام منعقد ہونے والی تقریبات میں ینگ پارلیمنٹیرین کی شرکت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔