مون سون  بارشوں کی وجہ سے امکانی نقصانات سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے اپنا کردار ادا کریں : ڈپٹی کمشنر سکھر

18

سکھر،16جون(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر سکھر جاوید احمد نے کہاہے کہ مون سون کی بارشوں سے امکانی نقصانات سے نمٹنے کے لیے میونسپل کارپوریشن، آبپاشی، صحت، تعلیم ، پی ڈی ایم اے ، سیپکو اور دیگر محکمے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے کانٹی جنسی پلان بنائیں اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ، پی ڈی ایم اے کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے میں سازوسامان اور دیگر امداد کے بارے میں مفصل رپورٹ فراہم کرے۔

بدھ کو یہاں  ایک  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے   ڈی سی سکھر نے کہا کہ  تمام محکموں کے افسران کسی بھی امکانی صورتحال سے نمٹنے اور کانٹی جنسی پلان کے تحت مون سون کی بارشوں میں آپریشن کے سلسلے میں فوکل پرسن مقرر کریں اور ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول روم سے رابطے میں رہیں جبکہ  کسی بھی غفلت پر معافی نہیں دی جائے گی۔

 ڈی سی نے کہا کہ تمام تحصیلوں میں ڈی سلٹنگ سمیت پمپنگ اسٹیشنز پر جنریٹر اور فیول کا خاطر خواہ انتظام کیا جائے ،یہ بات یقینی بنائی جائے کہ یہ اسٹیشن بند نہیں ہوگا۔

اجلاس میں اے ڈی سی ون عدنان راشد، ایڈمنسٹریٹر علی رضا انصاری، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر جمیل احمد مہر، ایم ایس ڈاکٹر تسلیم اختر خمیسانی، پولیس، آب پاشی، پی ڈی ایم اے ، ایجوکیشن، پبلک ہیلتھ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔