نارووال،23جون( اے پی پی): پنجاب حکومت کی طرف سے گندم کے پیداواری مقابلوں میں کامیاب کاشتکاروں میں اول،دوئم اور سوئم آنے پر بالترتیب 3 لاکھ،2 لاکھ اور 1 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے گئے۔
تقسیم انعامات کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں محکمہ زراعت (توسیع) کے زیراہتمام تقریب کا انعقادکیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر عائشہ غضنفر نے پنجاب حکومت کی طرف سے پیداواری مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں میں چیک تقسیم کئے۔
ڈپٹی کمشنر عائشہ غضنفر نے اس موقع پر کہا کہ کاشتکاروں کے ہاتھ مضبوط کئے بغیر زراعت کے شعبے میں ترقی ممکن نہیں،شعبہ زراعت میں کسان ریڑھ کی ہڈی کی ماند ہیں ،ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں کسانوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے مسائل اور مشکلات کے ازالے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے ،کاشتکاروں میں خصوصی نرخوں پر زرعی آلات کی فراہمی،کسان کارڈ کی تقسیم اور آب گندم کے پیداواری مقابلوں میں کیش پرائز کی تقسیم بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس سے کسانوں کے معاشی مسائل کو حل کرنے میں بھر پور مدد ملے گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع ) چودھری محمد عارف نے ڈپٹی کمشنر نارووال کو بتایا کہ حکومت پنجاب نےگندم کی بہتر اور زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاران کے لئے انعامی مقابلہ جات منعقد کئے ہیں جس میں ضلع کی تینوں تحصیلوں میں کامیاب کاشتکاروں میں انعامی چیک تقسیم کئے جارہے ہیں۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے بتایا کہ شعبہ زراعت کی ترقی اور زمینداروں کے مسائل کے بروقت حل،فصلات کی بہتر اور زیادہ سے زیادہ پیداوار کے لئے مفید آگاہی مشورے اور ان کی خدمت کے لئے محکمہ زراعت دن رات مصروف عمل ہے، اس حوالے سے کسانوں کی فلاح کے لئے زراعت انسپکٹرز زاہد اقبال، رانا گلزار اور محمد انوربھٹی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
ڈپٹی کمشنر نارووال نے اس موقع پر محکمہ زراعت توسیع کی طرف سے کئے جانے والے اقدامات کو زبردست انداز میں سراہتے ہوئے کامیاب انعامی مقابلہ جات پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کو مبارکباد پیش کی۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹرز تنو یر احمد تتلہ ،محمد علی ،سرور رضا ،احسان الحق پنوں، زراعت افسر محمد کامران باجوہ،محمد زاہد اقبال حافظ محمد بنیامین کے علاوہ انعام یافتہ کاشتکاران اس موقع پر موجود تھے۔