نوشہرہ ورکاں،28 جون (اے پی پی): ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں میں دو لاکھ ایکڑ رقبہ زرعی ہے اور زیر کاشت رہتا ہے، ایک لاکھ30 ہزار ایکڑ کے قریب رقبے پر گندم اور دھان کی فصلیں، موسم گرما اور موسم سرما میں دھرتی پر لہلہاتی فصلوں کی صورت زینت بنتی ہیں جبکہ دیگر رقبے پر سبزیات، چارا جات، گنا اور دیگر فصلیں کاشت کی جاتی ہیں، حالیہ دنوں میں تربوز، خربوزہ، سرخ اور ہری مرچ، لہسن، پیاز، ٹماٹر، چارا برسین، مکئی اور بھرپور صورت میں ملنے والی گندم کی فصل کی کٹائی کے بعد دھان کی فصل کی بوائی کا سلسلہ جاری ہے۔
گندم کی کٹائی اور دھان کی فصل کی بوائی کے دنوں میں محنت کش طبقے کو محنت کی صورت خاطر خواہ روزی میسر ہوتی ہے، ان دنوں ایک لاکھ 30 ہزارایکڑ سے زائد رقبے پر دھان کی فصل کی بوائی کا سلسلہ چل رہا ہے، جن میں سپر فین، اری- 86 نسل کی کاشت زوروں پر ہے جبکہ اگلے کچھ ہفتوں میں پنجاب کے قابل تعریف اور پر لزت چاول سپر باسمتی اور کائنات کی بوائی کا مرحلہ آنے والا ہے اوران دنوں میں نہر پانی کی بندش سے کاشتکاروں کو مشکلات اور اضافی اخراجات کا سامنا ہے۔
زراعت کے شعبہ میں زمیندار اور کاشتکار توقع سے بڑھ کر محنت کرتا دکھائی دیتا ہے اسی محنت کی وجہ سے پاکستان میں پیدا ہونے والے چاول، پھلوں میں آم سمیت دیگر پھل لذت کے حوالہ سے دنیا بھر میں مقبول ہیں اور حالیہ دنوں میں آم کی تیار فصل سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں عوام اس سے لطف افروز ہو رہے ہیں۔