ہری پور،25 جون ( اے پی پی): واپڈا نے 1530 میگاواٹ کے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے الیکٹرومکینکل ورکس کا کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا۔کنٹریکٹ کی مالیت 24 کروڑ11 لاکھ امریکی ڈالر ہے، منصوبہ 2024ء کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع کردے گا ۔
الیکٹرومکینکل ورکس کا یہ کنٹریکٹ ہاربن الیکٹرک انٹرنیشنل کمپنی اور ہاربن الیکٹرک مشینری کمپنی پر مشتمل جوائنٹ ونچر کو انٹر نیشنل بڈنگ کے بعد دیا گیا ہے۔معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب آج واپڈا ہاؤس میں منعقد ہوئی۔ پانچویں توسیعی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد اعظم جوئیہ نے واپڈا جبکہ ژانگ یو لونگ (Zhang Yu Long)نے جوائنٹ ونچر کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے۔
معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین(ریٹائرڈ)نے کہا کہ کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی کے ذریعے ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ واپڈا کا ایک اور اہم پراجیکٹ ہے اور واپڈا اس منصوبے کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ملک میں پانی کی صورتحال بہتر بنانے اور نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی میں اضافے کے تناسب میں اضافے کے لئے واپڈا کی حکمتِ عملی کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ملک میں پانی اور بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے واپڈا پانی اور پن بجلی کے 10منصوبوں پر کام کر رہا ہے، یہ تمام منصوبے 2023سے 2028-29 تک مکمل ہوں گے، ان منصوبوں کی تکمیل پر ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت میں 11کروڑ 70لاکھ ایکڑفٹ اضافہ ہوگا۔ واپڈا کے مذکورہ منصوبوں کی بدولت پن بجلی کی موجودہ پیداوار دوگنا ہو جائے گی اوریہ 9 ہزار406 میگاواٹ سے بڑھ کر 20ہزار 591 میگاواٹ ہو جائے گی، اسی طرح نیشنل گرڈ میں واپڈا پن بجلی کی سالانہ اوسط پیداوار37 ارب یونٹ سے بڑھ کر 81ارب یونٹ ہو جائیگی۔
تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ منصوبے کا منظور شدہ پی سی۔ ون 80کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر پر مشتمل ہے۔ منصوبے کے لئے آئی بی آر ڈی (ورلڈ بنک) 39 کروڑ امریکی ڈالر جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 30 کروڑ امریکی ڈالر مہیا کر رہا ہے۔ منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار530 میگاواٹ ہے۔ منصوبے کے تین پیداواری یونٹ ہیں، اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 510میگاواٹ ہے۔ منصوبے سے 2024 ء کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کرے گا۔ تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیداکرنے کی صلاحیت 4ہزار 888میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔
تقریب میں ممبر فنانس نوید اصغر، ممبر واٹر عبد ا لظاہرخان دُرانی، منیجنگ ڈائریکٹر (ایڈمنسٹریشن) خالد سلیم،سیکریٹر ی واپڈا فخرالزمان علی چیمہ، متعلقہ جنرل منیجرز اور کنسلٹنٹس کے نمائندے بھی تقریب میں موجود تھے۔