لاہور، یکم جون (اے پی پی ):وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے معاون خصو صی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے منگل کو یہاں وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ڈاکٹر فر دو س عاشق اعوان نے محکمہ اطلاعات خصوصاً ڈی جی پی آر میں اصلاحات کے حوالے سے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو بریف کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فلاح عامہ اورعوام کو ریلیف دینے کیلئے کیے گئے حکومتی اقدامات کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں جوپائیدارکا م کیے ہیں ان کی مثال ماضی میں نہیں ملتی،مختصرمدت میں عوام کو ریلیف دیا ہے اوران کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں۔سابق دور میں نمائشی منصوبوں پر شو بازی کی گئی لیکن ہم نے اس غلط کلچرکا خاتمہ کیا ہے،اپوزیشن جماعتوں کا غیر فطری اتحاد پی ڈی ایم اپنے بوجھ تلے دب کر دم توڑ چکاہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن مخالفت برائے مخالفت کر کے قومی مفادات کو داؤ پر لگا رہی ہے، پی ڈی ایم بے سمت اوربے ربط ا کٹھ ہے،جس کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں،بجٹ میں صوبے کے عوام کو مزید سہولتیں دیں گے۔ہمار ابجٹ عوام دوست،کسان دوست،صنعت کار دوست اورملازم دوست ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قوم کو وزیراعظم عمران خان کی شفاف قیادت پر پورا اعتماد ہے۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اس موقع پر کہا کہ پی ڈی ایم کے سیاسی یتیم گھر کے رہے نہ گھاٹ کے،حکومت کو ہٹانے کے دعوے کرنے والے اب خود غیر فطری اتحاد سے ہٹ چکے ہیں،اپوزیشن کے پاس نہ کوئی بیانیہ ہے اورنہ کوئی حکمت عملی، پاکستان کے بدنام زمانہ ٹھگ سیاست سے آؤٹ ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ٹولے کی آنکھوں پر کالی پٹی بند چکی ہے،پی ڈی ایم کے سیاہ کاراپنی کرپشن کے کالے کرتوت پر پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان کی ترقی کو سیاہ کرنا چاہتے ہیں، پاکستان کو نوچ کر کھانے والوں کو کو ئی شرم ہے نہ حیا۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے کی کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پائیدارمعاشی ترقی کے اعدادوشمار پراپوزیشن منافقت سے کام لے رہی ہے،یہ ٹولہ صرف پاکستان کی ترقی کو روکنے کے درپے ہے۔