کوئٹہ،29جون(اے پی پی ): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے ممبر پاکستان بار کونسل منیر احمد خان کاکڑ کی سربراہی میں وکلاء کے ایک وفد نے وزیراعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین محمد ایوب ترین، ممبر راحب خان بلیدی اور بلوچستان بار کونسل کے سیکریٹری عادل خلیل شامل تھے۔ملاقات کے دوران وفد نے وکلاء اسکول ڈیویلپمنٹ پروگرام، ہاؤسنگ اسکیم، وکلاء ویلفئیر فنڈ، بار کونسل کے دفتر کے لیے اراضی کی فراہمی اور انڈومنٹ فنڈ میں اضافے سمیت دیگر پر امور سے متعلق وزیراعلیٰ کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسکول ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت اب تک 19 وکلاء کو بیرون ملک اعلی تعلیم کے لیے بھجوایا گیا ہے،وکلا وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا پڑھا لکھا اور باشعور طبقہ ہے اور ہمارے صوبے کے وکلاء کا شمار ملک کے نامور وکلاء میں ہوتا ہےوکلاء کی استعداد کار میں اضافے کے لئے انہیں بیرون ممالک میں اپنے شعبہ میں تعلیم کے حصول کے سکالر شپ پروگرام کا آغاز کیا ہے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ ا س مقصد کے لئے قائم انڈومنٹ فنڈ کا بہترین اور بروقت استعمال ہو۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وکلاء کے مسائل اور دیگر متعلقہ معاملات کو حل کرنے کے لئے حکومت سنجیدہ اقدامات کر ے گی تاکہ وکلاء ایک بہتر اور سازگار ماحول میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں۔ وزیر اعلی نے کہا بجٹ 22-2021 میں چار اضلاع میں لاء کالجز کے قیام کا منصوبہ شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں لاء یونیورسٹی کے قیام کے لئے اقدامات کئے جائیں گے
وفد نے ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بار سے خطاب کرنے کی دعوت دی، وزیراعلیٰ نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ مناسب وقت پر بار کا دورہ کریں گے۔