وزیر اعظم کے کسان دوست زرعی پیکج کی بدولت  گندم، چاول اور گنے کی پیداوار میں اپنے اہداف سے کہیں زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے؛ ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت

33

ملتان ، 27 جون (اے پی پی ): ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت  نے حکومت پنجاب کے کسان دوست اقدامات کی بدولت صوبہ میں زرعی ترقی کے منازل برق رفتاری سے حاصل کیے ہیں، وزیر اعظم  عمران خان کی طرف سے فراہم کردہ کسان دوست زرعی پیکج کے ہی ثمرات ہیں کہ گندم، چاول اور گنے کی پیداوار میں اپنے اہداف سے کہیں زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اے پی پی سے خصوصی گفتگو میں نوید عصمت کاہلوں نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں ایک طرف وفاقی حکومت نے کاشتکاروں کی ترقی اور فلاح کے متعدد منصوبے متعارف کروائے ہیں اور دوسری طرف زرعی شعبہ میں 70 فیصد حصہ کے حامل صوبہ پنجاب میں کسانوں کی فلاح کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر 100 ارب روپے سے زائد مالیت کا انتہائی جامع ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کسان کارڈ کے ذریعے آئندہ مالی سال کے لیے زرعی سبسڈیز کی مد میں 4 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، صوبہ میں جدید فارمنگ کیلئے 28 ارب روپے کی خطیر رقم سے فارم میکانائزیشن کو فروغ دیا جارہا ہے جبکہ قومی منصوبہ برائے اصلاح کھالا جات کیلئے 5 ارب روپے کی رقم مختص کیے گئے ہیں ۔

نوید عصمت نے کہا کہ کسان کی خوشحالی اور اسکی فصل کی پیداوار پر اٹھنے والے اخراجات میں کمی لانے کی خاطر کھاد، بیج اور زرعی ادویات وغیرہ کی خریداری، فصل بیمہ اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی پر سبسڈی کو 5 ارب 82 کروڑ روپے سے بڑھا کر 7 ارب 60 کروڑ روپے کیا گیا ہے۔