وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا للہ انٹر چینج تحصیل پنڈدادنخان آمد پر حلقے کے عوام کا والہانہ استقبال کیا

22

للہ،27جون  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا اتوار کے روز للہ انٹر چینج تحصیل پنڈدادنخان آمد پر حلقے کے عوام نے والہانہ استقبال کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات 13 ارب روپے کی لاگت سے         للہ  تا جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کرنے کیلئے اسلام آباد سے پنڈ دادنخان جاتے ہوئے للہ انٹرچینج پہنچے تو بڑی تعداد میں حلقے کے عوام نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔

 واضح رہے کہ حکومت نے للہ تا جہلم دو رویہ سڑک کی تعمیر کیلئے 13 ارب روپے کے فنڈز منظور کئے ہیں، سڑک کی تعمیر علاقے کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔اس سڑک کی تعمیر سے علاقہ میں کاروباری سرگرمیوں سمیت کھیوڑہ کان اور قلعہ نندنا جیسے سیاحتی مقامات کو بھی فروغ ملے گا، جہلم کے علاوہ کئی دوسرے اضلاع کے عوام بھی اس سڑک سے مستفید ہوں گے، سڑک کی تعمیر کے لئے علاقہ کے عوام نے وفاقی وزیر اطلاعات کی کوششوں کو سراہا، یہ منصوبہ منڈی بہائوالدین، جہلم، سرگودھا اور خوشاب کے عوام کی تقدیر بدل دے گا۔