لاہور، 19 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے نامور آرٹسٹ عائشہ شاہ نواز کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ فن وثقافت کا ملکی سماجی ترقی میں اہم کردار ہے، The Balochistan Sphinx کے عنوان سے عائشہ شاہ نواز نے بین الاقوامی سطح کے سکلپچر بنا کر بلوچستان میں پائے جانے والے قدیم تہذیبی ورثے کا اجاگر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری سرزمین عظیم تہدبیوں کی آماجگاہ ہے،ہمیں اپنے ورثے کے تحفظ کے لئے ہر ممکن کوشش کرنی ہے،ہماری حکومت نے اپنےزبان و ادب اور تہذیب و ثقافت کی ترویج وترقی کے لئے ٹھوص اقدامات کئے ہیں۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ الحمرا آرٹ میوزیم اپنی اعلی خدمات سر انجام دے رہا ہے،عائشہ شاہ نواز بے حد محنت کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہیں جس طرح انھوں نےاپنے کام میں آثارقدیمہ کے رازوں سے پردہ اٹھایا ہے، اس سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ثقافتی ورثے کو پہچان ملے گی۔
وفاقی وزیر شفقت محمود نے الحمراء آرٹ میوزیم میں دیگر عالمی شہرہ آفاق آرٹسٹوں کے بنائے ہوئے فن پارے بھی دیکھے، الحمراء آرٹ میوزیم میں 118آرٹسٹوں کے 326فن پارے رکھے گئے ہیں جن میں عبدالرحمن چغتائی،استاد اللہ بخش،صادقین،شاکر علی،ایس صفدر،حنیف رامے،کولن ڈیوڈ،اسلم کمال،اینا مولیکا و دیگر آرٹسٹ شامل ہیں۔