وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے: وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار

13

لاہور، 20 جون(اے پی پی):  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  نے کہا ہے کہ حکومت نے وکلاء برادری کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں، وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار  وزیر اعلیٰ نے اتوار کو یہاں انصاف لائرز فورم کے صدر عمیر نیازی کی قیادت میں وکلاء کے وفد سے  ملاقات  کے دوران کیا ، ملاقات میں انصاف لائرز فورم کے عہدیداران نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو وکلاء برادری کے مسائل سے آگاء کیا جس پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میں خود وکیل ہوں اور وکلاء برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں، ہماری انصاف لائرز فورم نے فوری انصاف کی فراہمی کے لئے کلیدی کردار ادا کیاہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تحصیل،ڈسٹرکٹ،ڈویژن اورہائی کورٹ بارایسوسی ایشنز کے لئے 25کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے اور مشکلات کے باوجود کورونا سے متاثرہ وکلاء برادری کی بھرپور مالی امداد کی، جلد لاہور میں انصاف لائرز فورم کا گرینڈ کنونشن بلایا جائے گا، اس کنونشن میں وکلاء برادری کے لئے خصوصی پیکیج کااعلان کریں گے۔

عثمان بزدار نے بتایا کہ وکلاء برادری کو ہیلتھ کارڈز کے علاؤہ رہائش کا مسئلہ حل کرنے کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے جبکہ  لاہور میں وکلاء برادری کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹاور بنانے کا پروگرام بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ دوستوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، میں وزیراعلیٰ آفس میں آپ کا وکیل ہوں۔انہوں نے مزید کہا  کہ  پنجاب میں ہر کام میرٹ اورانصاف پر کیا جاتاہے۔

اس موقع پر عہدیداران انصاف لائرز فورم کاکہنا تھا کہ ہم آپ کی ٹیم ہیں اورآپ پر پورااعتماد ہے، آپ کے دور میں وکلاء برادری کی فلاح کے لئے حقیقی معنوں میں کام ہو رہا ہے۔