پاکستان اور تاجکستان ثقافت، تاریخ اور اخوت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

13

اسلام آباد، 2 جون (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان ثقافت، تاریخ اور اخوت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، پیکو کانفرنس ممبر ممالک میں باہمی تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں تلاش کرنے میں معاون ثابت ہو گی اور کانفرنس کا انعقاد رکن ممالک کے مابین تعلقات بڑھانے میں اہم پیشرفت ثابت ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے  بدھ  کو یہاں تاجکستان ایوان نمائندگان مجلس اولی کے اسپیکر زوکر ذودہ محمد طاہر سے ملاقات  میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، پیکو کانفرنس کے کرادر کو فعال بنانے اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کشمیری اور فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری اور فلسطینی عوام کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

زوکر ذودہ محمد طاہر نے کہا کہ تاجکستان کے پارلیمانی وفد کے  پرتپاک استقبال پر پاکستان کے عوام اور پارلیمنٹ کا مشکور ہوں،پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق خطے کے ممالک میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہیں۔

تاجکستانی اسپیکر  نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین پر پیکو ممالک کے مابین مشترک حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے، دونوں ممالک کے پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کو مزید فعال بنانےکی ضرورت ہے۔