نیویارک،05 جون (اے پی پی ):اسلامی جمہوریہ پاکستان اور جمہوریہ کیریباتی نے باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر منیر اکرم اور اقوام متحدہ میں کیریباتی کے مستقل مندوب سفیر ٹیبورو ٹائٹو نے اس سلسلے میں ایک مشترکہ کمیونیک پر دستخط کیے۔
اس موقع پر دونوں مشنوں کے سربراہان نے اعتماد کا اظہار کیا کہ سفارتی تعلقات دونوں ممالک اور عوام کو باہمی محاذ پر قریب لانے میں مدد فراہم کریں گے جبکہ کثیرالجہتی فورموں پر قریبی کام جاری رکھیں گے۔ دونوں سفیروں نے سیاسی ، تجارتی اور معاشی تعلقات ، بین الپارلیمنٹری رابطوں اور ثقافتی اور تعلیمی تعلقات میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور مستقبل میں خصوصاً سیاحت اور ماہی گیری کے شعبے میں باہمی تعاون کی وسعت کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے اقدامات پر بھی اظہار خیال کیا۔
انہوں نے مشترکہ طور پر اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس کو پاکستان – کریباتی سفارتی تعلقات کے قیام کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
جمہوریہ کیریباتی 33 بحر الکاہل جزیروں کا ایک گروپ ہے اور یہاں قریب 100،000 افراد ہیں۔ اس ملک نے 1979 میں برطانیہ سے آزادی حاصل کی تھی۔ پاکستان اور کیریباتی دونوں دولت مشترکہ کے ساتھ ساتھ ایشیاء پیسیفک گروپ کے ممبر ہیں۔