پشاور؛ الخدمت فاونڈیشن کی کورونا وباء سے متاثرہ اقلیتی برادری کے  مستحق افراد میں فوڈ پیکجز کی تقسیم

56

پشاور،11جون(اے پی پی): پشاور کے علاقے سواتی پھاٹک میں واقع چرچ میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالدوقاص کی صدارت میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ہندو، سکھ، مسیحی اور دیگر اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ایسے معذور افراد میں راشن اور فوڈپیکجز تقسیم کی گئی جو حالیہ کورونا وباء کی تیسری لہر میں شدت کے باعث لاک ڈاؤن سے شدید متاثر تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت کے صوبائی صدر خالد وقاص اور اقلیتی ونگ کے انچارج جاوید گل نے کہا کہ عالمی وباء کورونا میں الخدمت فاونڈیشن کے رضاکار اور طبی عملہ پہلے دن سے فرنٹ لائن پر گرانقدرخدمات سر انجام دے رہے ہے۔کورونا کی تیسری لہر میں بھی الخدمت فاؤنڈیشن نے رمضان المبارک اور اس کے بعد تسلسل کے ساتھ معاشرے کے محروم اور ضرورت مند طبقات تک بلا تفریق ریلیف پہنچائی  اور یہ سلسلہ تاحال جاری ھے۔

 انہوں نے کہا کہ الخدمت کسی خاص رنگ،نسل، زبان یا مذہب سے وابستہ افراد کے بجائے پوری انسانیت کی بلا تفریق خدمت پر یقین رکھتی ہے اور ہمارا موٹو بھی یہی ہے کہ انسانیت کی خدمت کی جائے اور یہی اسلامی تعلیمات بھی ہیں۔

اس موقع پر مقامی چرچ کے چیئرمین ہنوک حشمت اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی معروف سماجی کارکن مالاکماری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں زلزلہ ،سیلاب اور دیگر قدرتی سانحات کی طرح حالیہ عالمی وباء میں الخدمت فاؤنڈیشن کی بلاتفریق خدمات لائق تحسین ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ الخدمت اقلیتی برادری کو جو ریلیف فراہم کر رہی ہے وہ ملک کی دیگر فلاحی اداروں اور خدمت حلق کے شعبہ سے وابستہ شخصیات کے لئے مشغل راہ ہیں اور ہم ان خدمات کو  قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

منعقدہ تقریب میں الخدمت کے صوبائی ترجمان نورالواحد جدون اورشعبہ سماجی خدمات کے منیجر محمد وسیم سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔