پشاور، 5جون(اے پی پی): پشاور پولیس نے ایکسائز وردیوں میں ملبوس ڈکیت گروہ کو بے نقاب کرکے چار مرکزی ملزمان گرفتار کرلیے۔
ایس پی رورل سجاد حسین نے مذکورہ کاروائی کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار ملزم سابقہ پولیس اہلکار ہے جس کو محکمہ پولیس سے برخاست کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان ایکسائز وردیوں میں مال بردار گاڑیوں کو لوٹتے تھے اور کاغذات چیکنگ کے بہانے قیمتی گاڑیاں بھی چھینتے تھے جبکہ کچھ روز قبل ریفریجریٹر سے بھرا کیری وین اور گھی سے بھرا ڈاٹسن بھی چھینا تھا۔
سجاد حسین نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 7 ریفریجریٹر، دو ائیر کنڈیشنر، تین سو گھی کنستر اور تین عدد چھینی گئی گاڑیاں اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ گرفتار ملزمان سے جعلی وردیاں، ایکسائز بیجز، ٹوپیاں وغیرہ بھی برآمد کر لی گئی ہیں۔
ایس پی رورل سجاد حسین نے بتایا کہ ملزمان مشہور مردان میگا مارٹ ڈکیتی سمیت میں بھی ملوث دیگر وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔