پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے یونیورسٹی اور کالجز سطح پر بھی بھرپور جدوجہد کی جائے گی؛ وی سی بہاولپور یونیورسٹی ڈاکٹر اطہر محبوب

21

مری ،25 جون (اے پی پی ): وزیر اعظم کے وژن کے مطابق پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے یونیورسٹی اور کالجز سطح پر بھی ایک بھر پور جدوجہد کی جائے گی، ملکہ کوہسار مری کے قدرتی حسن اور اسکی خوبصورتی کو بچانے کے لئے میڈیا سمیت تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، سیاحت کی صنعت ملکی معشیت میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار مری میں ایک پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب ، کوہسار یونیورسٹی مری کے وائس چانسلر حبیب بخاری اور دیگر مقررین نے کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب  نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لئے شعور و آگہی کو اجاگر کرنے کے لئے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور کوہسار یونیورسٹی مری کے مابین عملی اقدامات پر ایک معاہدہ طے پایا جس کے تحت دونوں یونیورسٹیوں کے طلباء سیاحت کے فروغ کے لئے ایک دوسرے کے علاقوں میں جاکر وہاں کے سیاحتی مقامات  کا تحقیقی جائزہ لیکر آپس میں تبادلہ خیال کریں گے۔

ڈاکٹر اطہر محبوب کا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی کے نتیجہ میں غیر ملکی سیاحوں کی آمد متاثر ہوئی جبکہ کورونا کی وجہ سے ملکی سیاحوں نے بھی مری سے رخ پھیر لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ان حالات کے پیش نظر سیاحت پر منفی اثرات مرتب ہوئے اس سلسلہ میں ہمیں نئے سرے سے سیاحت کی بحالی کے لئے اقدامات کرنا ہونگے۔

اس موقع پر گورنمنٹ ڈگری گرلز و بوائز کالجز کے پرنسپل اور دیگر اعلیٰ  شخصیات بھی موجود تھی۔