فیصل آباد، 26 جون (اے پی پی ): صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام بنیادی مراکز صحت کو سولر پر منتقل کیا جارہا ہے جس کا باقاعدہ آغاز تحصیل سمندری سے کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اراکین اسمبلی اور فیصل آباد یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی افسران کے ہمراہ انجینئرنگ ورکشاپ میں نیا پاکستان ریٹروفٹنگ یونیورسٹی آف ایگریکلچرپروگرام کے افتتاح کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال میں بھی سولر پراجیکٹ کی تختی کی نقاب کشائی کی۔صوبائی وزیر توانائی نے پراجیکٹس کے افتتاح کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق انرجی کے بڑے منصوبوں کے افتتاح کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان 12 ڈیم پر کام کرا رہے ہیں اور ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے جاتے ہوئے ایسے معاہدے کئے کہ ہمارے ہاتھ باندھ دئیے تھے لیکن ہم عوام کو سستی اور مکمل بجلی دیں گے۔