اسلام آباد،01جون(اے پی پی): پیکو کانفرنس کی ایگزیکٹیو کونسل کے اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اورایگزیکٹیو کونسل کی تیسری پیکو کانفرنس افغانستان میں منعقد کرانے پر اتفاق کر لیا گیا۔ منگل کوپیکو کی ایگزیکٹیو کونسل کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پارلیمانی اسمبلی اقتصادی تعاون تنظیم کی ایگزیکٹیو کونسل کے متفقہ طور پر چیئرمین منتخب کر لئے گئے۔ پارلیمانی اسمبلی کی اقتصادی تعاون تنظیم کی دوسری جنرل اسمبلی کانفرنس کی ایگزیکٹیو کونسل نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بطور چیئرمین دوسری پارلیمنٹری اسمبلی منتخب کیا۔ ایگزیکٹو کونسل کا 2 جون کو کانفرنس کے اختتامی اجلاس میں پیش ہونے والے مشترکہ اسلام آباد اعلامیہ پر اتفاقِ کیا گیا۔ ایگزیکٹو کونسل آف پیکو کا پاکستان کے مقبوضہ جموں وکشمیر پر اصولی مؤقف کی حمایت کی گئی اوراسلام آباد میں پیکو سیکرٹریٹ کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔
پیکو کانفرنس کو مزید فعال بنانے کے لیے پیکو کی رولز آف بزنس کی منظوری اور ممبر ممالک کی پارلیمانوں میں پیکو برانچز کے قیام پر بھی اتفاق رائے کیا گیا۔ پیکو کانفرنس کی ایگزیکٹیو کونسل کے اجلاس میں پیکو کے ممبرز ممالک کے اسپیکرز نے شرکت کی۔
اے پی پی/صائمہ/فرح