ملتان، 30 جون (اے پی پی ): چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو ملتان کی 6 ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کیجانب سے رواں سال چھ ماہ میں 230 بچوں کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا جبکہ 221 بچوں کو لواحقین کے حوالے کیا گیا ہے۔حفاظتی تحویل میں لئے گئے بچوں میں لاوارث، بے آسرا گمشدہ،گھر سے بھاگے، بھکاری، عدم توجہی غفلت کا شکار اور دیگر بچے شامل تھے۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے دوران ریسکیو آپریشن بچوں کو شہر بھر کے مختلف مقامات اور چائلڈ ہیلپ لائن 1121 پر کال آنے پر حفاظتی تحویل میں لیا تھا، حفاظتی تحویل میں لئے گئے بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو سنٹر میں بہترین سہولیات فراہم کی گئیں ہیں۔
چائلڈ پروٹیکشن بیورو ملتان نے 3 لاوارث نومولود بچوں کو بھی حفاظتی تحویل میں لیے، بچوں کو لاہور سنٹر میں موجود نرسری ریفر کیا گیا ہے۔ اس وقت چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں 60 سے زائد بچے رہائش پذیر ہیں جن کو ضروریات زندگی کی تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جبکہ بچوں کو تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت اور نفسیاتی و ذہنی کونسلنگ بھی کی جاتی ہے تاکہ یہ لاوارث بے آسرا عدم توجہی غفلت کا شکار بچے بھی معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔