ڈائریکٹر فشریز پنجاب چوہدری افتخاراحمدکا ضلع نارووال کا دورہ، فش فارمر کو تمام تکنیکی سہولیات مفت فراہم کرنے کی ہدایت

59

نارووال، 27 جون ( اے پی پی) : ڈائریکٹر فشریزتوسیع (ایڈمن)پنجاب چوہدری افتخاراحمدکا ضلع نارووال کا دورہ،محکمہ فشریز کی سرکای فش سیڈ نرسری یونٹ کوٹ سلکھن کاجائزہ لیا۔

ڈائریکٹر فشریز( ایڈمن) نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز نارووال  کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہ فش فارمر کو تمام تکنیکی سہولیات مفت فراہم کی جائیں،ملک میں پروٹین کی کمی کو پورا کرنے کےلئے ضروری ہے کہ فش فارمنگ کے شعبہ میں جدت لائی جائے اور فارمر حضرات کو ہر مرحلہ پر مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔

ڈائریکٹرفشریز نے کہاکہ ضلع نارووال اپنےآبی وسائل کے حوالہ سے منفرد پہچان رکھتاہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کا بھرپور استعمال عمل میں لایا جائے۔ انہوں  نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز نارووال کو ہدایت کی کہ وہ بندی کے موسم (یکم جون تا اکتیس اگست)  میں مچھلی اپنی افزائش نسل کرتی ہے لہٰذا اس موسم میں مچھلی کے شکار کو سختی سے روکا جائے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ڈائریکٹر فشریز پنجاب نے نرسری یونٹ میں بچہ مچھلی کی اقسام کابغور جائزہ لیا اور مچھلی کی پرورش کے حوالے سے محکمہ فشریز نارووال کی طرف سے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ فش فارمر کوسرکاری نرخوں کے مطابق بچہ مچھلی کی بروقت  سپلائی کو یقینی بنائے۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فشریز گوجرانوالہ شوکت محمود،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز محمد نواز کے علاوہ دیگر فیلڈ سٹاف اور فش فارمر موجود تھے۔