اوکاڑہ،02جون (اے پی پی): ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی نے دارالامان کا بدھ کے روز دورہ کیا، انہوں نے دارالامان کے دورہ کے دوران وہاں مقیم خواتین اور بچوں سے ملاقات کی اور وہاں پر فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی نے ملاقات کے لئے آنے والے لوگوں کی سہولت کے لئے ٹھنڈنے پینے کے پانی کے نئے تنصیب شدہ الیکٹرک واٹر کولر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے دارالامان میں کچن، رہائشی ایریا کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ دارالامان میں مقیم خواتین اور بچوں کو معیاری ،صاف ستھرا کھانا فراہم کیا جائے، ادارہ کی سیکیورٹی کے لئے فول پروف انتظامات کو ہمیشہ بر قرار رکھا جائے۔
اس موقع پر انچارج دارالامان نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی کو دارالامان میں مقیم خواتین اور بچوں کی سہولت اور راہنمائی کے لئے کئے گئے اقدامات، ادارہ کی سیکیورٹی اور دیگر معاملات سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی نے کہا کہ سرکاری اداروں کی کار کردگی کو بہتر اور عوام کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ادارے کے افسران و ملازمین اپنے فرائض محنت ،لگن، دیانتداری اور جانفشانی سے ادا کریں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد زاہد غزنوی نے دارالامان میں مقیم خواتین کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو کوئی شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ براہ راست میرے دفتر سے رابطہ کرے تاکہ ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جا سکے۔