کراچی صوبہ سندھ کا تاج ہے اس تاج میں لگے موتی اس شہر کے تاجر ہیں؛ حلیم عادل شیخ

18

کراچی ، 02 جون (اے پی پی ): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و رکن صوبائی اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ شہر کراچی جو کہ پاکستان کا 70 فیصد ریونیو پیدا کرنے والا شہر ہے، صوبہ سندھ کے لیے لگ بھگ 90 فیصد ریونیو اس شہر سے جمع ہوتا ہے۔ یہ شہر کراچی صوبہ سندھ کا تاج ہے اس تاج میں لگے موتی اس شہر کے تاجر ہیں، اس تاجر برادری کی وجہ سے ہمارے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، آج ہمیں صحت کی سہولیات مل رہی ہے، ملک کا ڈیفنس سسٹم چل رہا ہے اس میں 70 فیصد حصہ تاجر برادری کا ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو تاجر برادری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوں نے کہا کہ  میری اس تمام مسائل پر دو روز قبل وزیراعظم عمران خان سے بھی بات ہوئی اور سربراہ  این سی او سی اسد عمر سے بھی بات چیت ہوئی جبکہ  آج صبح میری اور خرم کی گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بھی بات ہوئی کیونکہ ہم نے دیکھا کہ یہاں ہو کیا رہا ہے، جس انداز سے پولیس گردی کے زریعے تاجر برادری کو بے عزت کیا جا رہا اب اگر ہمارے ٹائیگر کی بے عزتی کی گئی تو ہم بھی کسی کی عزت نہیں کریں گے۔